Oct ۲۶, ۲۰۱۸ ۱۹:۲۸ Asia/Tehran
  • اربعین حسینی ملین مارچ، ایران اور عراق کے درمیان تعلقات میں اتحاد کا مظہر

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے عراق کے نئے وزیر خارجہ کے ساتھ ٹیلیفونی گفتگو میں، سب سے پہلے مسئلے کے طور پر اربعین حسینی کے ملین مارچ، اور تہران اور بغداد کے درمیان ماضی سے زیادہ تعلقات کے مستحکم ہونے کی ضرورت پر تاکید کی-

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے جمعرات کو عراق کے نئے وزیر خارجہ محمد علی الحکیم  کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور عراق دو ہمسایہ اور برادر ملک ہیں جن کے درمیان تمام شعبوں میں تعلقات کا فروغ ، دونوں ممالک کے عوام کے مفادات میں ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے زائرین اربعین کی عراقی حکومت اور عوام کی طرف سے بہترین مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے دونوں ممالک کی سرحدوں پر زائرین کے لئے بہتر سہولیات فراہم کرنے پر تاکید کی۔ انہوں نے کہا کہ اربعین حسینی کا ملین مارچ اہل بیت عصمت و طہارت کی تعظیم و تکریم، اور ایران و عراق کی قوموں کے درمیان باہمی تعاون اور اتحاد و وحدت کی علامت ہے-  

اس گفتگو میں عراق کے نئے وزیر خارجہ نے بھی مبارکباد پیش کرنے پر جواد ظریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عراق اور ایران کے عوام کے درمیان تعلقات دیرینہ ،مضبوط اور مستحکم ہیں اور انھیں فروغ دینےکے لئے کسی بھی قسم کی کوشش سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ محمد علی الحکیم نے اسی طرح اربعین حسینی کے ملین مارچ میں شریک افراد کو حکومت اور ملت عراق کا مہمان بتایا اور انہیں تمام تر ضروری اور بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی بابت ایران کے وزیر خارجہ کو یقین دہانی کرائی۔ واضح رہے کہ ہر سال کروڑوں زائرین حسینی، دنیا کے گوشہ و کنار سے اربعین حسینی میں شرکت کرنے کے لئے عراق جاتے ہیں۔

ایران اور عراق دو ہمسایہ ملک ہونے کی حیثیت سے باہمی تعاون کے لئے مختلف اشتراکات کے حامل ہیں- اور اس تعاون کا عروج، اور دونوں قوموں کے درمیان اتحاد و وحدت کا بےمثال نمونہ، اربعین حسینی کا ملین مارچ ہے- اربعین حسینی کا ملین مارچ، ہر سال ایران و عراق کے درمیان باہمی اتحاد کو ماضی سے زیادہ نمایاں کر رہا ہے اور ان کے برادرانہ روابط، اور پرامن بقائے باہمی کا مظہر ہے- زبان، ثقافت اور مشترکہ دین و مذہب کے باعث، ایران اور عراق کے تعلقات مختلف شعبوں میں ترقی و پیشرفت اور استحکام کے حامل ہیں اور کہا جاسکتا ہے کہ یہ اشتراکات، ایران اور عراق کے درمیان اچھے اور اسٹریٹجک تعلقات کی بنیاد ہیں-

اربعین کا پیدل مارچ کہ جو اسلام کی سیاسی طاقت اور سیدالشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے باوفا اصحاب و انصار کے حقیقی پیروکاروں کی طاقت کی نمائش کا دن ہے، اس دن ایران اور عراق کی قوموں کا کردار اس حسینی جلوے میں نمایاں ہوتا ہے- عراق کے عوام تمام زائرین اربعین حسینی کی بے مثال مہمان نوازی کرتے ہیں اور ایرانی عوام بھی اس مہمان نوازی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتےہیں اور یہی باہمی تعاون اور دوستی، دونوں ملکوں کے تعلقات میں انفرادی حیثیت رکھتی ہے-  اربعین حسینی کے ملین مارچ نے ایران اور عراق کے درمیان تعلقات کی اہمیت کو دوچنداں کردیا ہے-

اسی سلسلے میں ایران کے وزیر داخلہ عبدالرضا رحمانی فضلی اور عراق کے وزیر داخلہ قاسم الاعرجی نے بغداد میں اربعین حسینی کے مناسبت سے ایران اور عراق کے درمیان تعاون کے ایک سمجھوتے پر دستخط کئے ہیں۔

 اربعین حسینی کے پروگرام کے انعقاد میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے سمجھوتے پر دستخط کئے جانے کے موقع پر بغداد میں ایران کے سفیر ایرج مسجدی، سیکورٹی کے امور میں ایران کی وزارت داخلہ کے سیکریٹری حسین ذوالفقاری اور ایران کی بارڈر سیکورٹی فورس کے کمانڈر بریگیڈیر قاسم رضائی بھی موجود تھے- قابل ذکر ہے کہ ہر سال تقریبا چالیس لاکھ ایرانی زائرین، عراق کا سفر کرتے ہیں جبکہ بہت سے ایرانی زائرین اربعین حسینی کے پروگرام میں شرکت کی غرض سے ماہ صفر میں عراق کا سفر کرتے ہیں۔

ہر سال اربعین حسینی کا ملین مارچ ، کہ جو انتہائی امن و سکون کے ماحول میں انجام پاتا ہے،  ایران اور عراق کے اسٹریٹیجک تعلقات کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے اور اسی باہمی تعاون کے سائے میں عراق میں داعش کے خاتمے کے ساتھ ہی اس ملک پر امن کی فضا حکمفرما ہوئی ہے-  

 

ٹیگس