ایران کا میزائلی پروگرام روکنا امریکہ کے بس میں نہیں
اسلامی جمہوریہ ایران کی سائنسی پیشرفت و ترقی من جملہ خلا میں سیٹ لائٹ لانچر بھیجنے اور میزائلی ترقی نے امریکی حکام کی نیند اڑا دی ہے -
امریکی وزیرخارجہ پمپؤ نے خلائی اور میزائلی شعبے میں ایران کی پیشرفت پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بزعم خود ایران کو خلائی اور میزائیلی پروگرام کو توسیع دینے پر خبر دار کیا اور ایران سے مطالبہ کیا کہ وہ بیلسٹک میزائل سے متعلق ہر قسم کی سرگرمیاں روک دے- امریکی وزیرخارجہ کا دعوی ہے کہ ایران کا میزائلی پروگرام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد بائیس اکتیس کی خلاف ورزی ہے-
مائک پمپئو نے دعوی کیا کہ ایران کے خلائی پروگرام میں استعمال کی جانے والی ٹیکنالوجی وہی ٹیکنالوجی ہے جو بیلسٹک میزائلوں کی توسیع میں استعمال ہو سکتی ہے-
امریکی حکام کے اس طرح کے دعوے کوئی نئی بات نہیں ہیں اور آخری بار بھی نہیں ہیں - امریکی حکومت ایران کے خلاف مسلسل دشمنانہ رویہ اختیار کئے ہوئے ہے اور تھوڑے تھوڑے وقفے سے مختلف بہانوں کے ذریعے ایران کی خلائی و میزائلی پیشرفت کو نشانہ بنانے کے لئے اسے دنیا کے لئے خطرہ بتاتی رہتی ہے-
امریکہ کے اس رویے کی جڑ ایرانی قوم و نظام سے اس کی دشمنی میں پیوست ہے جس پر وہ گذشتہ چالیس برسوں سے مختلف طریقوں سے عمل پیرا ہے اور آج جب اسلامی انقلاب اپنی چالیسویں بہار دیکھ رہا ہے ملت ایران کے ساتھ امریکہ کی دشمنی اپنے عروج پر پہنچ چکی ہے-
ملت ایران سے امریکہ کی دشمنی ہمیشہ پابندیوں اور اقتصادی و سیاسی دباؤ کی شکل میں ظاہر ہوتی رہی ہے اور قابل توجہ نکتہ یہ ہے کہ مختلف میدانوں میں ایران کی پیشرفت انھیں پابندیوں کا نتیجہ ہے- خلائی و میزائلی میدانوں سمیت مختلف شعبوں میں ایران کی پیشرفت و ترقی امریکی پالیسیوں کی ناکامی کا ثبوت ہے اور یہی چیز امریکی حکام کو سیخ پا کئے ہوئے ہے اور ان کی کوشش ہے کہ الزامات اور جھوٹے دعوؤں کے ذریعے ایران کے میزائلی پروگرام کو دنیا کے لئے خطرہ بتائیں -
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد بائیس اکتیس میں جس کا امریکی وزیرخارجہ نے حوالہ دیا ہے ، ایران کو میزائلی تجربات سے نہیں روکا گیا ہے اور خلائی شعبے میں بھی ایران کے لئے کسی طرح کی پابندی نہیں ہے- امریکی وزیرخارجہ ایسے عالم میں ایران پر قرارداد بائیس اکتیس کی خلاف ورزی کا الزام لگا رہے ہیں کہ امریکہ کی موجودہ حکومت اس قرارداد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایٹمی سمجھوتے سے باہر نکل گئی ہے - قرارداد بائیس اکتیس ایران کے ساتھ ایٹمی سمجھوتے کی حامی و پشتپناہ ہے-
اس سلسلے میں ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے جمعرات کو امریکی وزیرخارجہ کے دعوے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ : سیٹ لائٹ لانچر بھیجنا اور ایران کے میزائلی تجربات، سلامتی کونسل کی قرارداد بائیس اکتیس کی خلاف ورزی نہیں ہے- جواد ظریف نے کہا کہ امریکہ خود اس قرارداد کی خلاف ورزی کر رہا ہے لہذا وہ اس سلسلے میں نصحیت کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہے-
ایران کی دفاعی صلاحیت منجملہ میزائلی طاقت ملکی طاقت و توانائی کا ایک موثر جزء ہے اور ایران اس تناظر میں اپنی داخلی صلاحیتوں کے سہارے پیشرفت و ترقی کی راہ پر آگے بڑھ رہا ہے- آج ایران کی میزائلی طاقت ملک کی ارضی سالمیت کے دفاع کا اطمینان بخش جزء ہے-
ایران کی عسکری صلاحیت دفاعی نوعیت کی ہے اور علاقے کے کسی ملک کے لئے خطرہ نہیں ہے- دفاعی طاقت کی تقویت اسلامی جمہوریہ ایران سمیت کسی بھی ملک کا مسلمہ حق ہے - اس سلسلے میں امریکہ کا دباؤ اور بے بنیاد الزامات ایران کو پسپائی اختیار کرنے پر مجبور نہیں کرسکتے-
ایران کی میزائلی طاقت ، انقلاب اسلامی کی چالیس سالہ محنتوں کا نتیجہ ہے اور اس نے ایران کو اس میدان کے طاقتور ملکوں کی صف میں لاکھڑا کیا ہے- اس سلسلے میں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سیاسی شعبے کے سربراہ جنرل یداللہ حوانی نے جمعرات کو صوبہ اصفہان کی رضاکار فورس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ : اسلامی جمہوریہ ایران ، میزائلی طاقت کے لحاظ سے دنیا کے چار سرفہرست ملکوں میں شامل ہے-