ایشیا کپ 2023: ہند پاک میچ معطل، مسلسل بارش کا شاخسانہ
ہندوستان اور پاکستان کے درمیان آج کھیلا گیا میچ مسلسل بارش کی وجہ سے معطل کردیا گیا ہے اور اب یہ میچ کل ہوگا۔
سحر نیوز/ کھیل کود: کولمبو کے پریم داس اسٹیڈیم میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان میچ آج کھیلا گیا لیکن مسلسل بارش کی وجہ سے مکمل نہیں ہوسکا، کل کے لئے ملتوی کردیا گیا ہے۔ جب میچ روکا گیا تو ہندوستانی ٹیم کا اسکور اس وقت دو وکٹ پر 147 تھا اور 25 ویں اوور کی صرف ایک گیند کھیلی گئی تھی۔
اس سے پہلے پاکستانی کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ ہندوستان نے بلے بازی شروع کی تو روہت شرما اور شبھمن گل کی اوپننگ جوڑی نے ہندوستان کو شاندار آغاز فراہم کیا ہے۔ دونوں نے پہلے 10 اوور میں 61 رن بنائے۔ دونوں کھلاڑیوں نے اپنی اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔ 123 رن پر ہندوستان کے دونوں کھلاڑی آؤٹ ہوئے تو وراٹ کوہلی اور کے ایل راہل نے اننگز کو آگے بڑھانا شروع کیا تھا لیکن ہندوستان کے 147 رن دو وکٹ پر میچ بارش کی وجہ سے روکنا پڑا ۔ مسلسل وقفے وقفے سے بارش کی وجہ سے امپائروں نے بالآخر آج کا کھیل وہیں پر روکنے کا فیصلہ کیا۔
جب کھیل معطل ہوا تو اس وقت وراٹ کوہلی 8 جبکہ کے ایل راہل 17 رن بناکر کریز پر موجود تھے۔ اب ریزرو ڈے کے تحت 11 ستمبر کو میچ وہیں سے شروع ہوگا جہاں پر بارش کی وجہ سے روکا گیا تھا۔