Oct ۲۷, ۲۰۲۵ ۱۲:۵۶ Asia/Tehran
  • سستی سے چھٹکارا پانے کا وہ طریقہ جو ہر کوئی آزما سکتا ہے

اگر تو آپ ہر وقت بیٹھے یا لیٹے رہناچاہتے ہیں اور اٹھ کر کوئی کام کرنا ناگوار گزرتا ہے، تو یہ آپ کے سست یا کاہل ہونے کی نشانی ہے۔

سحر نیوز/صحت: سستی اور کاہلی سے نہ صرف طرز زندگی بلکہ صحت پر بھی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

مگر اچھی بات یہ ہے کہ اس سے نجات پانا زیادہ مشکل نہیں، بس دن بھر میں صرف 30 منٹ درکار ہوتے ہیں۔

امریکا کی ٹیکساس یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ دن بھر میں بیٹھنے کے وقت میں محض 30 منٹ کمی لاکر ہلکی پھلکی جسمانی سرگرمیوں کو معمول بنانے سے سستی یا کاہلی سے نجات پانا ممکن ہے۔

اس تحقیق میں 350 سے زائد جوان افراد کو شامل کرکے ان کی جسمانی سرگرمیوں کا جائزہ وئیر ایبل ڈیوائسز سے لیا گیا۔

تحقیق میں دریافت ہوا کہ جن دنوں میں ان افراد نے بیٹھنے کی بجائے ہلکی جسمانی سرگرمیوں جیسے چہل قدمی یا گھر کے کاموں میں وقت گزارا، تو اگلے دن انہوں نے خود کو زیادہ بہتر اور توانائی سے بھرپور محسوس کیا۔

اس سے قبل جنوری 2024 میں امریکا میں ہونے والی ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا تھا کہ 38 فیصد امریکی بالغ افراد دن بھر میں 9 یا اس سے زائد گھنٹے بیٹھ کر گزارتے ہیں۔

نئی تحقیق میں شامل محققین کے مطابق نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ آپ کو جم جانے یا سخت ورزشیں کرنے کی ضرورت نہیں، ہلکی جسمانی سرگرمیاں بھی اگلے دن سستی اور کاہلی سے تحفظ فراہم کرسکتی ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ آپ کو بس کم وقت بیٹھنا اور جسمانی طور پر زیادہ متحرک رہنا ہے، جس سے اگلے دن مزاج پر فوری مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ ہلکی جسمانی سرگرمیوں سے اگلے دن مزاج اور جسمانی توانائی میں بہتری آتی ہے۔

اس کے مقابلے میں بیٹھ کر وقت گزرنے سے اگلے دن مزاج زیادہ چڑچڑا یا بدتر ہوتا ہے۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل سائیکولوجی آف اسپورٹس اینڈ ایکسرسائز میں شائع ہوئے۔

ٹیگس