فرانس ہندوستان میں سالانہ ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا: فرانسوا اولاند
فرانس نے ہندوستان میں سالانہ ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ہمارے نمائندے کے مطابق چندی گڑھ میں ہندوستانی تاجروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فرانس کے صدر فرانسوا اولاند نے کہا کہ ان کا ملک ہندوستان میں سالانہ ایک ارب ڈالر مالیت کی سرمایہ کاری کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ صدر اولاند ہندوستان کے یوم جمہوریہ میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرنے کی غرض سےاتوار کے روز ہندوستان پہنچے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فرانس ہندوستان میں سرمایہ کاری کرنے والا تیسرا بڑا ملک بن گیا ہے اور آئندہ برسوں میں فرانس مزید سرمایہ کاری کرے گا۔صدر اولاند نے کہا کہ فی الحال ہم نے ہندوستان میں ایک ارب ڈالر کی سالانہ سرمایہ کاری کا ہدف مقر ر کیا ہے جسے تیزی کے ساتھ آٹھ ارب سالانہ تک پہنچایا جاسکتا ہے۔ اسمارٹ سٹی کے قیام کے ہندوستانی منصوبے کا حوالہ دیتے ہوئےانہوں نے کہا کہ فرانس اس منصوبے میں شراکت کے لیے پوری طرح تیار ہے۔انہوں نے کہاکہ فرانس آئندہ پانچ برس میں سو کے قریب اسمارٹ سیٹیز کے قیام میں فعال کردار ادا کرے گا۔صدر اولاند نے کہا کہ فرانس ہندوستان میں توانائی کے شعبے میں بھی تعاون اور ٹیکنالوجی کی منتقلی میں دلچسپی رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرانسیسی کمپنیاں ، ریل ،روڈ نیز سمندری اور ہوائی نقل و حمل کےمیدان میں بھی ہندوستانی کمپنیوں کے ساتھ مل کر مشترکہ منصوبوں پر کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے ایک بار پھر ہندوستان کو رافال جنگی طیاروں کی فروخت میں اپنے ملک کی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے دورے میں ہندوستان کے ساتھ دفاعی ساز و سامان کی فروخت کے بارے میں بھی بات چیت کریں گے۔