Jul ۱۴, ۲۰۲۳ ۰۸:۲۱ Asia/Tehran
  • پابندیوں کے باوجود ایران کی ترقی و پیشرفت پر خوشی ہوئی: صدر پاکستان

صدر پاکستان نے نئے ایرانی سفیر سے سفارتی اسناد وصول کرتے ہوئے ہمسایہ ملکوں کے درمیان تعلقات اور انکی اہمیت اور مشترکہ اقتصادی تعاون کے فروغ کو ضروری قرار دیا ہے۔

سحرنیوز/ ایران : ارنا کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے نئے سیفر رضا امیر مقدم نے جمعرات کو ایوان صدر اسلام آباد میں پاکستان کے صدر عارف علوی سے ملاقات کی اور سفارتی اسناد انہیں پیش کیں۔

صدر عارف علوی نے نئے ایرانی سفیر سے سفارتی اسناد وصول کرتے ہوئے ہمسایہ ملکوں کے درمیان  تعلقات ان کی اہمیت اور مشترکہ اقتصادی تعاون کے فروغ کو ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ تمام تر پابندیوں اور رکاوٹوں کے باوجود  ایران کی قابل دید ترقی و پیشرفت ہمارے لیے خوشی کا باعث ہے۔ ایران کے نئے سفیر نے اس موقع پر پاکستان کے ساتھ  تمام شعبوں میں تعاون اور تعلقات کے فروغ پر زور دیا۔انہوں نے دونوں ملکوں کے تعلقات کی موجودہ سطح نیز ایران پاکستان کے تعلقات کے فروغ خاص طور سے اقتصادی اور تجارتی تعلقات کی تقویت کےبارے میں اپنے پروگراموں کی ایک رپورٹ بھی صدر عارف علوی کو پیش کی۔

امیری مقدم نے صدر پاکستان کو اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی کا  پرخلوص سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ دوست اور مسلم ممالک بالخصوص پاکستان سمیت پڑوسیوں کے ساتھ تعلقات کا فروغ تہران کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔ پاکستان میں ایران کے نئے سفیر نے دوطرفہ تعلقات کے بڑھتے ہوئے رجحان پر اطمینان اور خاص طور پر دونوں کے درمیان سرحدی مارکیٹ کے قیام اور بجلی کی ترسیل جیسے اہم منصوبوں کے افتتاح پرخوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے قرآن پاک کی توہین پر پاکستانی حکومت اور عوام کے موقف کو بھی سراہا۔

امیری مقدم نے  مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں صیہونی حکومت کے جرائم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات انتہائی مضحکہ خیز ہے کہ اسرائیل کی نسل پرست اور طفل کش حکومت نے پاکستان میں انسانی حقوق کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا ہے۔

فریقین نے ایران اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تعاون سے متعلق تازہ ترین پیش رفت، علاقائی تبدیلیوں، عالم اسلام کے مسائل اور مختلف بین الاقوامی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

 

ٹیگس