ہند، ایران کے ساتھ اقتصادی تعاون بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے: ہندوستانی سفیر
ہندوستان کی آزادی کی سالگرہ کے موقع پر ہونے والی تقریب میں ہندوستانی سفیر نے ایران کے ساتھ اقتصادی اور سیکورٹی تعاون بڑھانے پر تاکید کی ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: 15 اگست کو تہران میں ہندوستانی سفارتخانے کی جانب سے ہندوستان کی 77 ویں آزادی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ایران کی وزارت خارجہ کے سیاسی امور کے ڈپٹی منسٹر علی باقری کنی، فارسی زبان اور ادب اکیڈمی کے سربراہ غلام علی حداد عادل، مختلف ممالک کے سفراء اور ان کے نمائندوں نے شرکت کی۔
ایران میں ہندوستان کے سفیر ردرا گوراو شری ستھ نے اس موقع پر کہا کہ ہندوستان اپنے دوست ملک، ایران کی اسٹریٹجک لوکیشن سے استفادہ کرتے ہوئے یوریشیا اور سنٹرل ایشیا کی منڈیوں تک رسائی چاہتا ہے اور ہندوستان شمال جنوب ٹرانزٹ کوریڈور اور چابہار پروجیکٹ میں ایران کا پارٹنر ہے۔
ہندوستانی سفیر نے ایران ہند سیکورٹی تعاون کے موضوع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ تہران اور دہلی نے اہم علاقائی مسائل اور دونوں ممالک کو درپیش مشترکہ مسائل جیسے افغانستان کی صورتحال اور خلیج فارس میں سیکورٹی اور استحکام کے موضوع پر بھی تبادلہ خیال کیا ہے۔
ہندوستانی سفیر نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے عوام اور قائدین کو ایک دوسرے کو دوستی اور باہمی اعتماد کی نظر سے دیکھنا چاہیے۔