ایران اور ہندوستان کے درمیان بینکاری تعاون
ایران اور ہندوستان کے بینکوں نے باہمی تعاون کے ایک معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔
ایران کے صنعت و معدن بینک اور ہندوستان کے ایگزم بینک کے درمیان طے پانے والے اس معاہدے کی مالیت، ایک سو پچاس ملین ڈالر کے برابر ہے۔ صنعت و معدن بینک کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے سربراہ علی اشرف افخمی نے کہا کہ ہندوستان کے ایگزم بینک کے ساتھ ایک سو پچاس ملین ڈالر کا یہ معاہدہ ڈیڑھ لاکھ ٹن ریلوے لائن کی خریداری کی غرض سے انجام پایا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پابندیوں کے خاتمے کے پہلے روز صنعت و معدن بینک نے سو ملین یورو کی چودہ ایل سی کھول کر کاروبار کا آغاز کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بینک نے پچھلے دو سالوں کے دوران ملک کے صنعتی منصوبوں کے لئے دس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ضمانت دی ہے جس میں سے چھے ارب ڈالر چین کی کریڈٹ لائن سے جبکہ باقی چار ارب ملکی ذرمبادلہ کے ذخائر سے فراہم کئے گئے۔
ایران کے صنعت و معدن بینک کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ان کا بینک عالمی سطح پر بینکاری اور تجارتی سرگرمیوں میں فعال کردار ادا کرنے کے لئے تیاری کر رہا ہے۔