Dec ۲۴, ۲۰۱۶ ۱۶:۱۷ Asia/Tehran
  • شہری ہوا بازی میں ایران کی عالمی پوزیشن پر واپسی کا آغاز

ایران کے وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران بہت جلد شہری ہوابازی کےمیدان میں اپنی عالمی پوزیشن پر واپس آجائے گا۔

وزیر ٹرانسپورٹ عباس آخوندی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سو ایئر بس طیاروں کی خریداری کا سودا فضائی ٹرانسپورٹ کی تاریخ کا اہم ترین اقدام ہے۔ انہوں نے، مزید اسی ایئر بس طیاروں کی خریداری کے سودے کے جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران عالمی ہوابازی کے شعبے میں اپنے کھوئے ہوئے مقام کو جلد حاصل کر لے گا۔
عباس آخوندی نے کہا کہ طیاروں کی خریداری کے معاہدوں سے ایران کی سیاحت کی صنعت کو بھی فروغ حاصل ہو گا اور خطے اور دنیا کے سیاسی اور اقتصادی استحکام پر بھی اس کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ بڑے پیمانے پر سول طیاروں کی خریداری کے معاہدوں سے واضح ہو گیا ہے کہ ایران دنیا میں امن و سلامتی اور انسان دوستانہ تعلقات کے فروغ کا خواہاں ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ایران اور ایئربس کمپنی نے جمعرات کے روز سو مسافر بردار طیاروں کی فروخت کے حتمی معاہدے پر دستخط کر دیئے ہیں۔ نئے مسافر طیاروں کی ایران کو فراہمی کا آغاز دو ہزار سترہ سے شروع ہو جائے گا۔

ٹیگس