تیل کی عالمی قیمتوں میں اضافہ
ایران اور پانچ جمع ایک گروپ کے درمیان ہونے والے ایٹمی معاہدے کے مستقبل کے بارے میں قیاس آرائیوں کے بعد عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتوں میں زبردست اضافہ ہوگیا ہے۔
وال اسٹریٹ جنرل کے مطابق امریکہ کے ایٹمی معاہدے سے نکلنے کی قیاس آرائیوں کی وجہ سے تیل کی قیمتیں پچھلے آٹھ ہفتے کے دوران اپنی انتہائی سطح کو پہنچ گئیں۔اس رپورٹ کے مطابق نیویارک کی منڈیوں میں جمعے کے روز خام تیل کے سودے پینسٹھ ڈالر اٹھاسی سینٹ فی بیرل پر بند ہوئے۔برطانوی تیل کی قیمت بھی دو اعشاریہ دو فی صد کے اضافے کے ساتھ ستر ڈالر پینتالیس سینٹ سے تجاوز کرگئی۔قابل ذکر ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کے روز ایٹمی معاہدے کے کٹر مخالف امریکی سیاستداں جان بولٹن کو قومی سلامتی کا نیا مشیر نامزد کیا ہے۔بعص تجزیہ نگار ٹرمپ کے اس اقدام کو ایٹمی معاہدے سے امریکہ کے نکل جانے کا اشارہ قرار دے رہے ہیں۔