دلفریب مناظر کا شہر سی سخت
سی سخت، جنوبی ایران میں کوہ زاگرس کے دامن میں واقع خوبصورت سیاحتی شہر ہے۔
ایران کا سی سخت شہر اپنے قدرتی مناظر کی وجہ سے مشہور ہے اور ہرسال ہزاروں کی تعداد میں ملکی اور غیر ملکی سیاح اس کے سرسبز و شاداب ماحول سے لطف اندوز ہونے کے لیے یہاں کی سیر کو آتے ہیں ۔ سی سخت کا قدرتی پانی کا چشمہ، جھیل اور پھلوں کے باغات اپنی مثال آپ ہیں۔
قدرتی پانی کا چشمہ اپنی معدنی خواص کے ساتھ ساتھ، دلفریب بھی ہے اور نظر کا ایسا دھوکہ ہے جس میں دیکھنے والا سمجھتا ہے کہ چشمے کا پانی اوپر سے نیچے کے بجائے نیچے سے اوپر کی جانب بہہ رہا ہے۔
چشمے کا پانی انتہائی شفاف اور ٹھنڈا ہے ۔ یہ چشمہ پورا سال بہتا رہتا ہے اور کوہ دنا کی وادیوں اور زرعی زمینوں کو سیراب کرتا ہے۔
سی سخت اور اس کے اطراف کے قدرتی مناظر انتہائی دلفریب ہیں اور دیکھنے کے لائق ہیں۔
یہ شہر تاریخی لحاظ سے بھی انتہائی قدیم ہے اور اس کا ماضی اسلام سے پہلے کی تاریخ سے جا ملتا ہے۔