ایران کے نائب صدر کی روسی وزیر اعظم سے ملاقات ، تعلقات مضبوط بنانے پر زور
ایران کے نائب صدر نے آج ماسکو پہنچنے کے بعد روسی وزیر اعظم سے ملاقات کی اور دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا۔
سحرنیوز/ایران: ایران کے نائب صدر محمد رضا عارف نے روسی وزیر اعظم میخائل مشوستین سے ملاقات میں ماسکو کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے تہران کے عزم پر زور دیا اور ساتھ ہی عالمی فورمز پر ایران سے جڑے مختلف معاملات بالخصوص ٹریگر میکینزم کے حالیہ موضوع کے سلسلے میں ماسکو کے موقف کو سراہا۔
ایران کے نائب صدر نے برکس، شنگھائی اور یوریشین اقتصادی یونین جیسے علاقائی اور بین الاقوامی میکینزم اور تنظیموں میں تہران اور ماسکو کی مشترکہ رکنیت اور تعاون کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان تنظیموں میں غیر معمولی صلاحیتیں موجود ہیں اور اس فریم ورک میں دونوں ممالک کے مشترکہ اقدامات تعاون کو مزید متحرک کر سکتے ہیں۔
روسی وزیر اعظم نے اس ملاقات میں تہران کے اپنے حالیہ دورے اور صدر ایران سے اپنی ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ روسی فیڈریشن ہمسائیگی کے اصولوں پر مبنی اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔
انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان جامع اسٹریٹیجک معاہدے پر دستخط کا ذکر کیا اور اس کے فریم ورک کے تحت معاہدوں پر عمل درآمد کرنے پر زور دیا۔
قابل ذکر ہے کہ ایران کے نائب صدر شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے وزرائے اعظم کے چوبیسویں اجلاس میں شرکت کے لیے ماسکو پہنچنے ہیں۔