ٹی20 ورلڈکپ کا سب سے بڑا ٹاکرا: روایتی حریف پاکستان اور ہندوستان آج نیویارک میں مدمقابل ہوں گے
ٹی20 ورلڈکپ کا سب سے بڑا ٹاکرا
شائقین کرکٹ کے دلوں کی دھڑکنیں تیز ہوگئی ہیں کیونکہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ میں آج دنیائے کرکٹ کا سب سے بڑا مقابلہ پاکستان اور ہندوستان کا ٹاکرا ہوگا۔
نیویارک کے ناساؤ کاؤنٹی کرکٹ گراؤنڈ میں روایتی حریفوں پاکستان اور ہندوستان کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کا 19 واں میچ کھیلا جائے گا جو پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے سات بجے شروع ہوگا۔
یہ دونوں ٹیموں کا رواں میگا ایونٹ میں دوسرا میچ ہے۔ ہندوستان نے پہلے میچ میں آئرلینڈ کو اسی میدان پر شکست دی جب کہ پاکستان کو ڈیلاس میں حیران کن طور پر میزبان امریکا سے شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کے باعث گرین شرٹس کو ٹورنامنٹ میں موجود رہنے کے لیے آج کا میچ جیتنا لازمی ہے۔
پاکستان پہلی بار اس گراؤنڈ میں کھیلنے اترے گا اور پہلی ہار کا بدلہ لینے کے لیے زخمی شیر کی طرح حریف پر جھپٹنے کی کوشش کرے گا تو دوسری جانب ہندوستان جو اس پر ایک میدان میں ایک میچ کھیلنے کا تجربہ حاصل کر چکا ہے وہ بھی گرین شرٹس کو زیر کرنے کے لیے اپنا سارا زور لگائے گا۔
پاکستان کو شائقین کرکٹ کی امیدوں کا دیا جلائے رکھنے کے لیے ہندوستان کے پاور ہاؤس کی بتی بجھانی ہے اور اسے ہرا کر شاہینوں کو اپنی اہمیت منوانی ہے اور امریکا سے شکست کی شرمندگی مٹانی ہے۔
میچ میں حسب روایت ہندوستان کی بیٹنگ کا مقابلہ پاکستان کی بولنگ سے ہوگا۔ اگر شروع میں وکٹیں اڑا دیں تو بلیو شرٹس چیمپئنز ٹرافی 2017 کے فائنل اور 2021 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی طرح دباؤ میں آ کر میچ پاکستان کو گفٹ کر دیں گے۔ اس لیے محمد عامر کے ساتھ شاہین شاہ کا اسپیل بہت اہم ہوگا۔
آج کے میچ میں جہاں بولرز کا پرفارم کرنا بہت ضروری ہے وہیں بیٹنگ کا چلنا بھی لازمی ہے۔ بابر اور رضوان کی جوڑی کی کامیابی ٹیم کے لیے جیت کا دروازہ کھول سکتی ہے۔ دونوں 2021 میں بھی ہندوستان کے خلاف تاریخ بنا چکے ہیں۔
میچ میں 2017 کی چیمپئنز ٹرافی فائنل کے ہیرو فخر زمان کا بلا چلا تو وہ مخالفین کو گھما کر رکھے دے گا۔ اچھی خبر یہ ہے کہ آل راؤنڈرعماد وسیم فٹ ہو گئے اور آج کے میچ کے لیے ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔
پاکستان اور ہندوستان میچ دیکھنے کے لیے امریکا میں مقیم دونوں ممالک کے شہریوں سمیت دنیا بھر سے شائقین کرکٹ نے نیویارک کا رخ کیا ہے۔ ایک شائق تین ہزار میل کا سفر طے کر کے پاکستان اور ہندوستان میچ دیکھنے آیا ہے اور اس کا کہنا ہے کہ اس میچ سے بڑھ کو کوئی مقابلہ نہیں۔ امریکا میں کرکٹ ہونا واقعی حیرت انگیز ہے۔