نریندر مودی کے ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کے دورے کے پیش نظر حفاظتی انتظامات سخت
Nov ۰۶, ۲۰۱۵ ۱۷:۳۳ Asia/Tehran
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں وزیر اعظم نریندر مودی کے دورے کے پیش نظر حفاظتی انتظامات بڑھا دیئے گئے ہیں۔
ایسوشی ایٹیڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کی فوج اور سیکورٹی فورس کے اہلکاروں نے جموں و کشمیر کی سڑکوں کے دونوں طرف انواع و اقسام کی رکاوٹیں اور خاردار تاروں کی باڑھ لگا دی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سرینگر کے قدیمی علاقے میں پولیس نے لوگوں کو حکم دیا ہے کہ وہ اپنے گھروں سے باہر نہ نکلیں ۔ اس رپورٹ کے مطابق سرینگر کی جامع مسجد کو بھی سیکورٹی اہلکاروں نے اپنے محاصرے میں لے رکھا ہے اور لوگوں کو وہاں نماز جمعہ ادا کرنے کے لئے بھی جانے کی اجازت نہیں دی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ کشمیر کے حریت رہنماؤں نے جمعے کو کشمیری عوام سے وسیع پیمانے پر مظاہرے کرنے کی اپیل کی تھی ۔ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے حریت رہنماؤں نے اسی طرح شہر سرینگر میں اس جگہ کے قریب جہاں نریندر مودی جلسہ عام کرنے والے ہیں، لوگوں کو سنیچر کے دن احتجاجی اجتماع کرنے کی بھی کال دے رکھی ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق پولیس نے احتجاجی مظاہروں اور اجتماع کو روکنے کے لئے کشمیری رہنماؤں اور ان کے حامیوں کی ایک بڑی تعداد کو گرفتار کر لیا ہے۔