Nov ۲۵, ۲۰۱۵ ۰۸:۵۱ Asia/Tehran
  • حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ اور مجلس اتحاد المسلمین پارٹی کے سربراہ اسدالدین اویسی
    حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ اور مجلس اتحاد المسلمین پارٹی کے سربراہ اسدالدین اویسی

ہندوستان کی ایک سیاسی جماعت ایم آئی ایم کے سربراہ نے کہا ہے کہ مسلمان کسی قیمت پر ہندوستان نہیں چھوڑیں گے۔

ہندوستانی ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں کے مطابق مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسدالدین اویسی نے منگل کو کہا کہ چاہے جو بھی ہو جائے مسلمان ہندوستان نہیں چھوڑیں گے- انھوں نے کہا کہ وہ یہیں پر ایک قابل فخر ہندوستانی کی طرح رہیں گے-

حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ اور مجلس اتحاد المسلمین پارٹی کے سربراہ اسدالدین اویسی صحافیوں سے کہا کہ مسلمان، سنگھ پریوار اور دیگر فاشسٹوں کی تلخ زبان اور پالیسیوں کے سامنے نہیں جھکیں گے - اویسی نے کہا کہ ملک کے مسلمان ، ہندوستان کے آئین میں حاصل اپنے حقوق، انصاف اور لازمی حصے کے لئے اپنی جمہوری جد و جہد جاری رکھیں گے-

اسدالدین اویسی نے کہا کہ جب تک زمین پر حیات ہے، مسلمان ہندوستان میں قابل فخر ہندوستانی کی طرح رہیں گے- ایم آئی ایم کے سربراہ نے کہا کہ ہندوستانی مسلمان یقینا اپنے حقوق کے لئے جد و جہد کرتے رہیں گے- انھوں نے کہا کہ ان حقوق کو کوئی بھی چھین نہیں سکتا کیونکہ اس کی ضمانت آئین دیتا ہے-

اسدالدین اویسی نے کہا کہ ہم پیدائش سے ہی نہیں بلکہ انتخاب سے بھی ہندوستانی ہیں ہم نے بہت مصیبتیں جھیلی ہیں ، کئی فسادات دیکھے ہیں۔ اویسی نے کہا کہ ہم نے بابری مسجد کو شہید ہوتے ہوئے بھی دیکھا ہے- اویسی نے کہا کہ ہندوستانی مسلمانوں کو ہمیشہ برسراقتدار پارٹیوں سے شکایت رہی ہے کیونکہ ان سیاسی جماعتوں نے مسلمانوں کو آئین میں انھیں حاصل حقوق نہیں دیے- انھوں نے کہا کہ اس سب کے باوجود یہ ہمارا ملک ہے - ہم لڑائی جاری رکھیں گے، ہم جد و جہد جاری رکھیں گے اور یقینا اپنے حقوق حاصل کریں گے-


ٹیگس