روس اور ہندوستان کے درمیان متعدد معاہدوں پر دستخط
ہندوستان اور روس کے درمیان ایک سو تیس ارب ڈالر کے متعدد معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں-
ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ روس کے موقع پر دونوں ملکوں نے ایک سو تیس ارب ڈالر کے معاہدوں پر دستخط کئے ہیں۔
ماسکو سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق اس بات کا اعلان روس کے صدر ولادیمیر پوتن اور ہندوستانی وزیراعظم مودی نے ماسکو میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔
روس آئندہ برسوں کے دوران ہندوستان میں بارہ نئے ایٹمی بجلی گھر تعمیر کرے گا۔ ہر بجلی گھر کے اندر بارہ سو میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت ہوگی ۔ ان بجلی گھروں کو ہندوستان کی ریاست آندھرا پردیش میں تعمیرکرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ماسکو اور نئی دہلی کے درمیان ہونے والے دفاعی معاہدوں کے تحت روسی کاموو جنگی ہیلی کاپٹر اور براہموس میزائل بھارت میں بنیں گے۔ دونوں ملک مشترکہ طور پر نئے جنگی جہاز اور ٹرانسپورٹ طیارے بھی ڈیزائن کریں گے۔ دونوں ملکوں نے مجموعی طور پر سولہ معاہدوں پر دستخط کئے-
ہندوستان کی وزارت خارجہ کے مطابق ہندوستانی وزیراعظم مودی نے مشترکہ بیان میں کہا کہ ہندوستان میں کاموو دو سو چھبیس، ہیلی کاپٹر بنانے پر ہونے والا سمجھوتہ میک ان انڈیا کے تحت پہلا بڑا دفاعی پروگرام ہے-
مشترکہ بیان میں روس کے صدر پوتن نے کہا کہ روس، ہندوستان میں بارہ ایٹمی ری ایکٹر تعمیر کرے گا-
ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی اور روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے باہمی ملاقات کے دوران ، متحد ہو کر دہشت گردی کے خلاف جنگ کی ضرورت پر بھی تاکید کی -