ہندوستان کی ریاست پنجاب میں پٹھان کوٹ ایئربیس میں دہشت گردوں اور ہندوستانی فوج کے درمیان ایک بار پھر لڑائی شروع
ہندوستان کی ریاست پنجاب میں پٹھان کوٹ ایئربیس میں دہشت گردوں اور ہندوستانی فوج کے درمیان ایک بار پھر لڑائی شروع ہو گئی ہے۔
ہندوستانی میڈیا کی رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ دو دہشت گرد ابھی بھی پٹھان کوٹ ایئر بیس میں موجود ہیں۔ ہفتے کو ہندوستانی سیکورٹی فورس نے آپریشن مکمل ہونے کا اعلان کر دیا تھا لیکن اتوار کی صبح نو بجے اچانک دھماکے اور فائرنگ کی آوازیں آنے لگیں۔ خبروں میں بتایا گیا ہے کہ پٹھان کوٹ میں ہونے والے حملے میں اب تک گیارہ ہندوستانی فوجی ہلاک اوراٹھارہ دیگر زخمی ہو چکے ہیں۔ ہلاک ہونے والے ہندوستانی فوجیوں میں ایک لیفیٹننٹ کرنل نرنجن کمار بھی شامل ہے۔
ہندوستانی خبر رساں ایجنسی اے این آئی نے خبر دی ہے کہ بڑی تعداد میں سیکورٹی فوجیوں کو پٹھان کوٹ ایئر بیس میں تعینات کر دیا گیا ہے۔ اتوار کی صبح آپریشن کے دوران لیفٹیننٹ کرنل نرنجن کمار بارودی سرنگ کے دھماکے میں ہلا ک ہوئے - ان کی ہلاکت سرچ آپریشن کے دوران ہوئی۔
ہندوستانی ریاست پنجاب کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس نے بھی کہا ہے کہ ایئر بیس میں ممکنہ طور پر دو حملہ آور موجود ہیں۔
یاد رہے کہ ہفتے کو دہشت گردوں نے پٹھان کوٹ میں ہندوستانی فضائیہ کے اڈے پر حملہ کر دیا تھا جس میں چار حملہ آوروں اور تین سیکورٹی اہلکاروں کے ہلاک ہونے کی خبر تھی۔