ایران اور ہندوستان کے درمیان تجارت کا فروغ
ہندوستان، ایران کے ساتھ تجارت کے فروغ کے لئے خصوصی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔
یہ بات ایران میں ہندوستان کے سفیر سوربھ کمار نے جنوب مشرقی ایران میں واقع صوبے سیستان و بلوچستان کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ ہندوستان کے سفیر نے کہا کہ ایران کی چابہار بندرگاہ علاقائی ترقی و پیشرفت میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
سوربھ کمار نے کہا کہ ایران اور ہندوستان سمندر کے ذریعے ایک دوسرے سے متصل ہیں اور علاقے کے اسٹریٹیجک معاملات کے پیش نظر دونوں ملکوں کے درمیان پائیدار اور مضبوط تعلقات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ چابہار بندرگاہ کے ذریعے ہندوستان، افغانستان اور وسطی ایشیا کے ملکوں سے متصل ہو سکتا ہے۔
سوربھ کمار نے کہا کہ ہندوستان کا سرکاری اور نجی شعبہ چابہار میں سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں میں دلچسپی رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور ہندوستان باہمی رابطوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں جبکہ ایران، افغانستان اور ہندوستان نے ٹرانزٹ کے شعبے میں تعاون کی غرض سے ایک معاہدے پر دستخط بھی کئے ہیں۔