Feb ۲۲, ۲۰۱۶ ۱۷:۰۲ Asia/Tehran
  • ہندوستان: سپریم کورٹ نے فوج کو مونک نہر کی حفاظت یقینی بنانے کا حکم دے دیا

ہندوستان کی شمالی ریاست ہریانہ میں جاٹ برادری کے پرتشدد مظاہروں کی وجہ سے دہلی میں پانی کے بحران پر سپریم کورٹ نے فوج کو حکم دیا ہے کہ وہ مونک نہر اور دوسرے ڈیموں کی حفاظت کو یقینی بنائے۔

ہندوستان کی سپریم کورٹ نے پانی کے بحران پر قابو پانے کے لئے فوج کو یہ حکم دینے کے ساتھ ساتھ یہ بھی کہا ہے کہ فوج ہریانہ اور دہلی کے حالات کو معمول پر لانے میں بھی مدد کرے - یہ اطلاع دہلی کی ریاستی حکومت کے وکیل راہل مہرا نے پیر کو اپنے ٹوئیٹر پیج پر دی -

ہریانہ میں جاٹ برادری کے جاری پرتشدد مظاہروں کی وجہ سے دہلی میں پانی کا شدید بحران پیدا ہوگیا ہے اسی کے پیش نظر دہلی کی ریاستی حکومت نے ہفتے کی رات سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی - اس درخواست پر سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے ریاست ہریانہ کی حکومت سے کہا ہے کہ وہ دہلی میں پانی کے بحران کی رپورٹ دو دن میں پیش کرے - اس معاملے کی اگلی سماعت جمعرات کو ہوگی -

ہریانہ کی حکومت نے عدالت کو بتایا ہے کہ جاٹ برادری کے مظاہرین نے مونک نہر کو کئی جگہ سے نقصان پہنچایا ہے - ادھر ریاست ہریانہ کے ایڈیشنل ہوم سیکریٹری نے بتایاہے کہ کوشش کی جارہی ہے پیرکی شام تک پانی کی سپلائی پوری طرح بحال کردی جائے –

ٹیگس