Feb ۲۵, ۲۰۱۶ ۱۸:۵۶ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں ریل بجٹ پیش کر دیا گیا

ہندوستان کے ریلوے کے وزیر سریش پربھو نے جمعرات کو پارلیمنٹ میں ریل بجٹ پیش کر دیا۔

ہندوستان کے نئے ریل بجٹ میں مسافر ٹرینوں اور مال گاڑیوں کے کرائے میں اضافہ نہیں کیا گیا ہے۔ ریل بجٹ میں ریلوے کے وزیر نے ٹرینوں میں مزید سہولتیں دینے اور رفتار بڑھانے کی بات کی ہے، جبکہ چار نئی ٹرینیں بھی چلانے کا پروگرام رکھا گیا ہے۔

مسافر ٹرینوں میں سن رسید ہ لوگوں اور خواتین کے لئے کچھ سیٹیں مخصوص کی گئی ہیں۔ نئے ریل بجٹ کی جہاں ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی نے تعریف کی ہے وہیں اپوزیشن نے اس کو مایوس کن بتایا ہے۔ نریندر مودی نے کہا کہ وہ اچھا ریل بجٹ پیش کرنے پر ریلوے کے وزیر کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے کچھ برسوں کے دوران ریلوے کے نظام میں کافی پیشرفت ہوئی ہے اور اس بجٹ سے ریلوے میں اور زیادہ بہتری آئے گی۔

دوسری جانب ریلوے کے دو سابق وزیروں لالو پرساد یادو اور نتیش کمار نے ریل بجٹ پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ بجٹ پوری طرح مایوس کن ہے اور اس میں عوام کے لئے کچھ بھی نہیں ہے۔

واضح رہے کہ ہندوستان میں ریلوے کے وسیع نظام کے پیش نظر ریل بجٹ، ملک کے مالی سال کے بجٹ سے الگ پیش کیا جاتا ہے۔

ٹیگس