ہندوستان: ارونا چل پردیش شدید بارشیں، متعدد افراد ہلاک و زخمی
ہندوستان کی ریاست ارونا چل پردیش میں شدید موصلادھار بارش اور زمین کھسکنے کے نتیجے میں سولہ افراد لقمہ اجل بن گئے۔
ایٹا نگر سے موصولہ خبروں میں بتایا گیا ہے کہ ریاست ارونا چل پردیش کے ضلع توانگ میں زمین کھسکنے کے حادثے میں محنت کشوں کا ایک کیمپ زد میں آگیا جس کے نتیجے میں سولہ افراد لقمہ اجل بن گئے، جبکہ متعدد افراد لاپتہ ہیں-
سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ جائے حادثہ سے سولہ لاشیں نکالی گئی ہیں اور ایک زخمی شخص کو زندہ نکال لیا گیا- مقامی حکام کا کہنا ہے کہ متعدد افراد ابھی بھی ملبے کے نیچے دبے ہوئے ہیں- زمین کھسکنے کا یہ حادثہ جمعے کی صبح ساڑھے تین بجے پیش آیا- حکام کا کہنا ہے کہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں- بتایا جاتا ہے کہ علاقے میں پچھلے کئی دنوں سے شدید بارش ہو رہی ہے-
ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرنے والوں کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے- جس ضلع میں یہ حادثہ پیش آیا ہے وہ چین کی سرحد کے قریب واقع ہے-