مودی حکومت کی معاشی پالیسیوں پر کانگریس کی تنقید
ہندوستان کی اپوزیش جماعت کانگریس نے جسے پانچ ریاستوں کے حالیہ اسمبلی انتخابات میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑاہے، کہا ہےکہ وزیراعظم مودی کی حکومت کے دور میں ملک میں بے روزگاری میں اضافہ ہوا ہے۔
کانگریس پارٹی نے مودی حکومت سے متعلق اپنی جائزہ رپورٹ میں کہا ہے کہ اس حکومت نے اپنے دو سال کے دور اقتدار میں ملک میں بے روزگاری بڑھائی ہے اور معیشت کو تباہ کیا ہے- کانگریس نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے اپنے بہت سے وعدوں کو توڑا ہے اور اس حکومت کی وجہ سے ہندوستان ایک بے روزگار اور لڑکھڑاتی ہوئی معیشت والا ملک بن گیا ہے-
کانگریس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ معیشت کی ترقی اور زیادہ روزگار اور بہترعوامی خدمات کا ماحول بنانے کے لئے بنیادی ڈھانچے کی ترقی، خاص اور بنیادی اہمیت رکھتی ہے لیکن مودی حکومت کے دور میں ایسا نہیں ہوا -
واضح رہے کہ کانگریس پارٹی نے مودی حکومت پر معیشت کو کمزور کرنے کا یہ الزام ایک ایک ایسے وقت لگایا ہے جب چندروز قبل مرکزی وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے کہا تھا کہ ہندوستان نے جس تیزی کے ساتھ پچھلے دو برسوں میں معاشی ترقی کی ہے اس کی مثال کم ملتی ہے۔