افریقہ کو ہندوستان کی یقین دہانی
May ۲۵, ۲۰۱۶ ۱۶:۰۵ Asia/Tehran
حکومت ہندوستان نے افریقی مشن کے سربراہوں کو یقین دلایا ہے کہ ملک میں تمام افریقی طلبا کی حفاظت کے لئے ہر ممکن قدم اٹھائے جائیں گے۔
نئی دہلی میں افریقی ملک کانگو کے ایک طالب علم کی ہلاکت کے بعد ہندوستان کی وزیر خارجہ سشما سوراج نے واقعے پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹر پر کہا ہے کہ افریقی مشن کو یقین دلایا گیا ہے کہ افریقی ملکوں کے طالب علموں کی سیکورٹی کو ہر ممکن طریقے سے یقینی بنایا جائے گا۔
سشما سوراج نے کہا ہے کہ انہوں نے دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر نجیب جنگ سے اس معاملے میں فوری طور پر کارروائی کرنے اور اس معاملے کو فاسٹ ٹریک عدالت میں چلانے کی بات کہی ہے۔
اس سے پہلے افریقی ممالک کے مشن کے سربراہوں نے ہندوستانی وزارت خارجہ کے سیکریٹری امر سنہا سے اس مسئلے پر ملاقات کر کے اپنی تشویش ظاہر کی تھی۔