مہاراشٹر میں اسلحے اور گولہ بارود کے ڈپو میں آگ لگنے سے متعدد ہلاک اور زخمی
ہندوستان کی ریاست مہاراشٹر میں اسلحے اور گولہ بارود کے ڈپو میں آگ لگنے سے کم از کم بیس فوجی اہلکار ہلاک اورانیس زخمی ہو گئے ہیں۔
ہندوستان کی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ ریاست مہاراشٹرمیں ناگپور کے پل گاؤں میں واقع فوج کے سب سے بڑے ہتھیار ڈپو میں آتشزدگی سے دو افسروں سمیت اٹھارہ فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے۔ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے لیکن بیچ بیچ میں ہو رہے دھماکوں کی وجہ سے آپریشن میں پریشانی آ رہی ہے۔ اس معاملے میں وزیر دفاع منوہر پاریکر نے فوج سے رپورٹ طلب کی ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ ہتھیاروں کے گودام میں آگ دیر رات تقریبا ڈیڑھ بجے لگی۔ آگ پر قابو پانے کے لئے فوری طور پر کوششیں شروع کر دی گئیں۔
فوج کے ہتھیار ڈپو میں آتشزدگی کے واقعے کے بعد آس پاس کے تین گاؤں خالی کرا لئے گئے ہیں۔ ان کے علاوہ باقی دیہات کے لوگوں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ ڈپو میں مسلسل دھماکوں کی آوازیں سنی جا رہی ہیں۔ آگ بجھانے کے لئے پاس کے گاؤں سے ٹینکر لائے جا رہے ہیں۔
وزیر دفاع منوہر پاریکر پل گاوں واقع ڈپو کا دورہ کریں گے۔ اس دوران وہ معاملے کی تحقیقات کے سلسلے میں بھی ہدایات دیں گے۔
پل گاو ہتھیار ڈپو، تقریبا 10 ہزار ایکڑ مربع میں پھیلا ہوا ہے۔ فیکٹریوں میں بنائے جانے والے ہر طرح کے ہتھیار اور گولہ بارود پہلے یہاں آتے ہیں اس کے بعد دوسرے ڈپو میں سپلائی کئے جاتے ہیں۔
وزیراعظم نریندرمودی نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ ہتھیار ڈپو میں آگ کی خبر سے دلبرداشتہ ہوں۔ متاثرہ خاندانوں سے میں اظہار یکجہتی کرتا ہوں ۔ میں زخمیوں کے جلد صحت مند ہونے کی دعا کرتا ہوں۔ میں نے وزیر دفاع منوہر پاریکر کو جائے حادثہ کا جائزہ لینے کی ہدایت دی ہے۔