ہندوستانی وزیراعظم کا دورہ جنوبی افریقہ
ہندوستان کے وزیراعظم نریندرمودی افریقی ملکوں کے دورے کے دوسرے مرحلے میں جنوبی افریقہ کے دارالحکومت پریٹوریا پہنچے ہیں
ہندوستانی وزیراعظم نے جمعے کو پریٹوریا میں جنوبی افریقہ کے صدر جیکب زوما سے ملاقات میں مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کے طریقوں پر بات چیت کی - ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے رہنماؤں نے اپنی ملاقات کے بعد ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ دہشت گردی مشترکہ خطرہ ہے اور ہم دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لئے علاقائی اور عالمی سطح پر تعاون کرنے کو تیار ہیں- ہندوستانی وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک نسل پرستی کے خلاف ایک ساتھ کھڑے ہیں- انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ مہاتماگاندھی ہندوستان کو آزاد کرانے کے لئے جنوبی افریقہ سے ہی اپنے اندر جذبہ لے کر گئے تھے - جنوبی افریقہ کے صدر نے بھی کہا کہ ان کا ملک ہندوستان کے ساتھ سبھی میدانوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لئے آمادہ ہے - ہندوستان اور جنوبی افریقہ بریکس کے بھی رکن ممالک ہیں جس میں چین روس اور برازیل بھی شامل ہیں - ہندوستانی وزیراعظم اس سے پہلے موزامبیق کا بھی دورہ کر چکےہیں-