Sep ۲۷, ۲۰۱۶ ۲۱:۱۳ Asia/Tehran
  • ہندوستان اسلام آباد سارک سربراہی اجلاس میں شرکت نہیں کرے گا

ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں جاری پرتشدد مظاہروں اور اوڑی میں ہندوستانی فوجی مرکز پر ہونے والے حملے کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی بڑھتی ہی جا رہی ہے۔

ہندوستان اور پاکستان  کے تعلقات میں کشیدگی کے دوران ہندوستان نے منگل کو باضابطہ طور پر اعلان کر دیا کہ وہ نومبر میں اسلام آباد میں ہونے والے سارک سربراہی اجلاس میں شرکت نہیں کرے گا- ہندوستانی میڈیا نے خبر دی ہے کہ حکومت ہندوستان نے سارک تنظیم کے موجودہ چیئرمین ملک نیپال کو باضابطہ طور پر اطلاع دے دی ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی اسلام آباد میں سارک سربراہی اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے- سارک سربراہی اجلاس آٹھ اور نو نومبر کو اسلام آباد میں ہونے والا ہے- ہندوستانی میڈیا نے خبر دی ہے کہ بنگلہ دیش، بھوٹان اور افغانستان نے بھی اسلام آباد میں سارک سربراہی اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے- البتہ ابھی آزاد ذرائع سے اس خبر کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے-  یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ سارک سربراہی اجلاس میں اگر کسی ایک ملک کا سربراہ مملکت شرکت نہ کرے تو وہ اجلاس ملتوی ہو جاتا ہے- ماہرین کا کہنا ہے کہ ہندوستان کے اس اعلان سے اسلام آباد سارک سربراہی اجلاس پر فی الحال سوالیہ نشان لگ گیا ہے- ہندوستان نے اوڑی حملے میں پاکستان کے ملوث ہونے کا الزام عائد کیا ہے جبکہ پاکستان نے اس الزام کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئی دہلی اس قسم کا الزام مسئلہ کشمیر سے لوگوں کی توجہ ہٹانے کے لئے عائد کر رہا ہے- 

ٹیگس