Jan ۲۶, ۲۰۱۷ ۰۸:۴۴ Asia/Tehran
  • غربت کے خلاف ہندوستان کی جنگ جاری

ہندوستان کے صدر نے کہا ہے کہ غربت پر سخت حملہ کرنے کے لئے طویل مدت میں ہماری معیشت کو ابھی بھی 10فیصد سے زیادہ ترقی کرنی ہوگی۔

ہندوستان کے صدرپرنب مکھرجی نے 68 ویں یوم جمہوریہ کے موقع پرہندوستانی قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ غربت سے ہماری جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی ہے۔ غربت پر سخت حملہ کرنے کے لئے طویل مدت میں ہماری معیشت کو ابھی بھی 10فیصد سے زیادہ ترقی کرنی ہوگی۔ ہمار ے اہل وطن کا پانچواں حصہ ابھی تک خط افلاس سے نیچے ہے۔ گاندھی جی کا ہر آنکھ سے آنسو پوچھنے کا مشن ابھی بھی ادھورا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب جب کہ ہماری جمہوریہ اپنے اڑسٹھویں سال میں داخل ہورہی ہے ، ہمیں یہ تسلیم کرنا چاہئے کہ ہمارے سسٹم پرفیکٹ نہیں ہیں۔ خامیوں کی نشاندہی کی جانی چاہئے اور انھیں ٹھیک کیا جانا چاہئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری جمہوریت کی مضبوطی کا اندازہ اس حقیقت سے لگایا جاسکتا ہے کہ 2014 کے عام انتخابات میں ایک مستحکم حکومت بنانے کے لئے 83 کروڑ 40لاکھ ووٹروں میں سے 66فیصد سے زیادہ نے ووٹ دیئے۔

پارلیمنٹ میں گذشتہ چند اجلاسوں کے دوران تعطل پر صدر نے کہا کہ اس سے ہمارے قانون سازوں کا اہم امور پر بحث اور قانون سازی کے لئے مہیا وقت خلل کی نذر ہوجاتا ہے۔ جب کہ انہیں اہم موضوعات پر بحث و مباحثہ کرنا چاہئے اور قانون بنانے چاہئیں۔ بحث، تبادلہ خیال اور فیصلہ سازی پر ازسرنو توجہ دینے کے لئے اجتماعی کوشش کی جانی چاہئے۔

صدر پرنب مکھرجی نے ملک کی معیشت کو مستحکم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے انتخابی اصلاحات پر زور دیا اور کہا کہ ہندوستانی جمہوریت کی پختگی کے لئے پارلیمنٹ میں تبادلہ خیال کیا جانا چاہئے۔

ہندوستان کے صدر نے کہا کہ آج ہم دنیا کی اہم معیشتوں میں سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی معیشت ہیں۔ ہم سائنس اور تکنیکی افرادی قوت کا دوسرا سب سے بڑامخزن، تیسری سب سے عظیم فوج، نیوکلیائی کلب کے چھٹے رکن ، خلائی دوڑ میں شامل چھٹے رکن اور دسویں سب سے بڑی صنعتی طاقت ہیں۔

 

ٹیگس