ہندوستان کےصدر کا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب
پرنب مکھرجی کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرنے کے ساتھ ہی آج پارلیمنٹ کا بجٹ اجلاس شروع ہو گیا۔
ہندوستان کےصدر پرنب مکھرجی نے آج صبح پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بجٹ سیشن کو تاریخی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد ہندوستان میں پہلی بار ریل بجٹ الگ سے نہیں لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت غریبوں کو صاف ایندھن کے طور پر رسوئی گیس دستیاب کرانے، صحت کی سہولیات اور پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ غریبوں کو رہائش فراہم کرنے پر بھی کام کررہی ہے۔
پرنب مکھرجی نے کہا کہ حکومت ملک کے کسانوں کی اقتصادی صورت حال کو مزید مضبوط بنانے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور کاشتکاری کو فروغ دینے کے لئے کئی منصوبے شروع کئے گئے ہیں۔
ہندوستان کےصدر نے کہا کہ حکومت معذوروں کے لئے سرکاری ملازمتوں میں ریزرویشن بڑھاکر تین سے چار فیصد کے ساتھ ہی پہلی بار گونگے ۔ بہروں کے لئے مشترکہ علامتی زبان تیار کر رہی ہے۔ انہوں نےکہا کہ حکومت نے خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے کئی کوششیں کی ہیں اور اسی سلسلہ کو آگے بڑھاتے ہوئے اس نے بیٹی بچاو، بیٹی پڑھاو جیسے کئی فلاحی منصوبے شروع کئے ہیں۔
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے قبل پارلیمنٹ کی عمارت کے احاطے میں وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ پارلیمنٹ کی کارروائی خوشگوار طریقہ سے چلانے کے لئے گزشتہ دنوں تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ اجتماعی اور ذاتی طور پر مسلسل بات چیت کی گئی ہے۔
پارلیمنٹ کی کارروائی بہتر طریقہ سے چلنے کی توقع ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہا، "سیشن کا سب سے زیادہ استعمال مفاد عامہ کے لئے ہو، بامعنی بات چیت ہو، بجٹ پر بھی باریکی سے بحث ہو۔