ہندوستان: پنجاب اور گوا میں انتخابات کیلئے ووٹنگ جاری
پنجاب اور گوا میں اسمبلی انتخابات کو لے کر ووٹنگ جاری ہے۔ دونوں ریاستوں میں پولنگ بوتھ کے باہر ووٹروں کی طویل قطاریں دیکھنے کو مل رہی ہیں۔
ایک ہی مرحلے میں ان دونوں ریاستوں میں ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔گوا میں 40 اسمبلی نشستوں اور پنجاب میں 117 اسمبلی سیٹوں پر ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔
دونوں ریاستوں میں پولنگ بوتھ کے باہر ووٹروں کی طویل قطاریں دیکھنے کو مل رہی ہیں۔ گوا کے پنجی میں مرکزی وزیر دفاع منوہر پاریکر نے ووٹ ڈالا۔ پٹیالہ (شہری) میں کیپٹن امرندر سنگھ کے حریف اکالی دل کے امیدوار جنرل جے جے سنگھ (ریٹائرڈ) نے ووٹ ڈالا۔
پنجاب کے انتخابی میدان میں قسمت آزمانے والے تمام 1145 امیدواروں میں 81 خواتین ہیں۔ پنجاب میں بی جے پی شرومنی اکالی دل کا دامن تھام کر انتخابی میدان میں اتری ہے۔ بی جے پی 23 سیٹوں پر الیکشن لڑ رہی ہے اور اس کے امیدواروں میں صرف دو خواتین ہیں۔ شرومنی اکالی دل 94 سیٹوں پر لڑ رہی ہے اور اس میں عورتوں کی تعداد پانچ ہے۔
کانگریس نے پنجاب میں تمام 117 اسمبلی سیٹوں کے لئے اپنے امیدواروں کو میدان میں اتارا ہے۔ کانگریس امیدواروں میں صرف 11 خواتین ہیں۔ پنجاب کے سیاسی منظر نامے میں داخل ہوئی نئی نویلی عام آدمی پارٹی کے 112 امیدواروں میں صرف نو خواتین ہیں۔ پنجاب کے 1.98 کروڑ ووٹروں میں سے 47 فیصد خواتین ہیں۔
گوا میں تقریبا 11.08 لاکھ ووٹر کل 1649 پولنگ مراکز پر ووٹ ڈال رہے ہیں۔ ریاست کی 40 اسمبلی سیٹوں پر 251 امیدوار آمنے سامنے ہیں۔ حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی نے 36 سیٹوں پر اپنے امیدوار اتارے ہیں۔ کانگریس نے 37، عام آدمی پارٹی نے 39 اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی نے 18 نشستوں پر امیدوار اتارے ہیں۔ دونوں ریاستوں میں 11 مارچ کو ووٹوں کی گنتی ہوگی۔
ووٹنگ کا عمل پرامن طورپر انجام دینے اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کیلئے سکیورٹی کے سخت حفاظتی اقدامات کئس گئس ہیں۔
ہندوستان کےوزیراعظم نریندر مودی نے آج پنجاب اور گوا میں ووٹنگ کے آغاز کے موقع پر رائے دہندگان ،خاص کر نوجوانوں سے ووٹنگ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی ۔
نریندر مودی نے پنجاب اور گوا کے اسمبلی انتخابات کے لیے آج ہونے والی پولنگ کے پیش نظر ٹویٹ کیا اور دونوں ریاستوں کے لوگوں سے ریکارڈ ووٹنگ کے لیے اپنا ووٹ ڈالنے کی اپیل کی۔