کشمیریوں کی تحریک پُرامن ہے
سینیر کمشیری رہنما نے کہا ہے کہ کشمیری عوام اپنے مسلمہ حقوق کے لئے جدوجہد کررہے ہیں۔
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کی کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی نے حیدرپورہ میں خون کے عطیے کے کیمپ کے اختتام پرعوام کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری انسانیت، جمہوریت و اعلی اخلاقی قدروں پر یقین رکھنے والی قوم ہےاور ہندوستان کے حکمران اگرکشمیریوں کے بنیادی اور پیدائشی حقوق کو واگزار کریں، تو مسئلہ کشمیر آسانی کے ساتھ حل ہوجائے گا ۔
سید علی گیلانی نے اپنے خطاب میں کشمیر کی موجودہ صورتحال پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی پُرامن تحریک کو طاقت کے ذریعے سے دبانے کی پالیسی کامیاب نہیں ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کا دہشت گردی کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے اور جو لوگ اسلام کے نام پر قتل و غارتگری کرتے ہیں وہ دہشت گرد اور انسانیت کے دشمن ہیں۔ اسلام انسان دوستی کا درس دیتا ہے اور ایک بے گناہ انسان کے قتل کو پوری انسانیت کے قتل سے تعبیر کیا گیا ہے۔