یو این او اور او آئی سی سے مسئلہ کشمیر حل کرنے کی اپیل
حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر کشمیر کے حالات ٹھیک نہیں ہوں گے۔
ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کی حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی شاہ گیلانی نے سرینگر میں کہا ہے کہ کشمیر کے حالات دن بہ دن خراب ہوتے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم سے مسئلہ کشمیر کو جلد از جلد حل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ دیرینہ مسئلہ جوں کا توں باقی رہا تو اس کے اثرات خطے پر بھی پڑ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی اداروں کو چاہئے کہ وہ کشمیری عوام کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کا فوری نوٹس لیتے ہوئے کشمیری عوام کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے اقدامات کریں۔
واضح رہے کہ کل سیکورٹی فورسز نے ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے متعدد علاقوں بشمول گرمائی دارالحکومت سری نگر، شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ اور جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد احتجاجی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کا استعمال کیا جس میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔
مظاہرے کی کال سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے سیکورٹی فورسز کی جانب سے کشمیری طلباء پر تشدد ڈھانے اور تعلیمی اداروں پر دھاوا بولنے کے خلاف دی تھی۔