May ۲۸, ۲۰۱۷ ۱۰:۲۶ Asia/Tehran
  • کشمیر: عام ہڑتال، معمولات زندگی متاثر

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں ہڑتال کے موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں آج عام ہڑتال ہے اور تمام کاروباری مراکز اور دکانیں بند ہیں اور سڑکوں پر ٹریفک بھی معمول سے بہت کم ہے۔ ہڑتال کے موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ حریت کانفرنس  کے رہنماوں سید علی گیلانی، میرواعظ مولوی عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے حزب المجاہدین کے اعلیٰ کمانڈر سبزاراحمد بٹ اوراس کے دوسرے ساتھی اور اوڑی کے رام پور سیکٹر میں مارے گئے مزید چھے نوجوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ ہندوستان کی ضد کشمیر میں جاری خون خرابے اور قیمتی انسانی زندگیوں کے اتلاف کی بنیادی وجہ ہے اور اس خطے میں ہر دن کے ساتھ سیاسی غیریقینی اورعدم استحکام کی صورتحال میں اضافہ ہورہا ہے۔

حریت کانفرنس  کے رہنماوں نے نہتے شہریوں کے خلاف طاقت کا بے تحاشا استعمال کرنے اور سینکڑوں کو زخمی کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے 28 اور 29 مئی کو کشمیر میں ہڑتال کرنے اور 30 مئی بروز منگل کو ترال میں تعزیتی جلسہ منعقد کرانے کی کال دی ہے۔

وادی کشمیر میں ہفتہ کو حزب المجاہدین کے اعلیٰ کمانڈر سبزار احمد بٹ کی جنوبی ضلع پلوامہ کے سیموہ ترال میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ مسلح تصادم میں ہلاکت کے بعددرجنوں مقامات پر بھڑک اٹھنے والے پرتشدد احتجاجی مظاہروں کے دوران ایک عام نوجوان ہلاک جبکہ درجنوں دیگر زخمی ہوگئے۔ احتجاجی مظاہرین اور سیکورٹی فورسز کے مابین ہونے والی جھڑپوں میں متعدد افراد اور سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

ٹیگس