Jun ۰۳, ۲۰۱۷ ۱۰:۱۰ Asia/Tehran
  • مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے مذاکرات ضروری

ہندوستان کے سینئیر سیاستدان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے مذاکرات ضروری ہیں۔

ہندوستان میں کانگریس پارٹی کے سینئر لیڈر مانی شنکر نے ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کا دورہ کر کے دہلی واپس آنے پر کہا ہے کہ کشمیریوں کے دل و دماغ جیتنے کے لیے بات چیت ضروری ہے، کشمیری رہنما آزادی چاہتے ہیں لیکن یہ واضح نہیں کرتے کہ ان کے لیے آزادی کا مطلب کیا ہے۔ کانگریسی رہنما کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے مذاکرات ضروری ہیں۔

مانی شنکرنے اپنے اس دورے میں حریت کانفرنس سمیت مختلف سیاسی اور سماجی حلقوں کے نمائندوں اور اہم شخصیات سے ملاقات اورمذاکرات کیے۔

دوسری جانب ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں کل متعدد مقامات بشمول گرمائی دارالحکومت سری نگر کے پائین شہر ، جنوبی کشمیر کے قصبہ اننت ناگ اور شمالی کشمیر کے ایپل ٹاون سوپور میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد پرتشدد احتجاجی مظاہرے بھڑک اٹھے جن کے دوران سیکورٹی فورسز اور مظاہرین کے مابین جھڑپیں بھی ہوئیں جن میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔ سکیورٹی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کا استعمال کیا۔

مظاہرین 27 مئی کو جنوبی ضلع پلوامہ کے سیموہ ترال میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں حزب المجاہدین کے معروف کمانڈر سبزار احمد بٹ سمیت دو عسکریت پسندوں کی ہلاکت کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔

 

ٹیگس