کشمیرمیں 3 ہلاک، حالات کشیدہ
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں ہندوستانی فوج کی فائرنگ سے مزید تین کشمیری ہلاک ہو گئے۔
ہندوستانی فوج نے پلوامہ کے علاقے کاکاپورہ میں فائرنگ کر کے مزید تین کشمیریوں کو ہلاک کر دیا جس کے بعد 2 روز کے دوران ہلاک ہونے والے کشمیریوں کی تعداد 5 ہو گئی ہے۔
ہندوستان کے سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلع بارہمولہ کے پزلپورہ رفیع آباد میں عسکریت پسندوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر 22 راشٹریہ رائفلز کے فوجیوں، جموں و کشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس نے گزشتہ رات مذکورہ علاقہ میں مشترکہ تلاشی آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے بتایا کہ جب سیکورٹی فورسز مذکورہ علاقے میں ایک مخصوص جگہ کو محاصرے میں لے رہے تھے تو وہاں موجود عسکریت پسندوں نے ان پر فائرنگ کی اور سیکورٹی فورسز کی جانب سے جوابی فائرنگ کے نتیجے میں لشکر طیبہ کے 3 تین جنگجو ہلاک ہو گئے۔ اس مسلح تصادم میں ایک فوجی افسر بھی زخمی ہوا ہے۔
اس دوران انتظامیہ نے ضلع پلوامہ میں آج تمام تعلیمی ادارے احتیاطی اقدامات کے طور پر بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
درایں اثناء علاقے کے مکینوں کا کہنا ہے کہ ہندوستانی فوج نے ایک گھر پر حملہ کرکے ان کشمیریوں کو ہلاک کیا۔ انہوں نے ان 3 کشمیریوں کی ہلاکت کے خلاف سخت رد عمل دکھاتے ہوئے احتجاجی مظاہرہ کیا ۔
واضح رہے کہ منگل کے دن شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں حزب المجاہدین کے دو مقامی عسکریت پسند بھی ہلاک ہو گئے تھے۔