سید صلاح الدین دہشتگردوں کی فہرست میں شامل
امریکی محکمہ خارجہ نے حزب المجاہدین کے سپریم کمانڈر سید صلاح الدین کو خصوصی طور پر نامزد عالمی دہشت گرد قرار دیتے ہوئے ان پر پابندیاں عائد کردیں۔
امریکی محکمہ خارجہ نے ٹرمپ مودی ملاقات سے قبل ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں حزب المجاہدین اور متحدہ جہاد کونسل کے سربراہ سید صلاح الدین کو عالمی دہشت گرد قرار دے دیا ۔
ہندوستانی وزیراعظم نریندرمودی امریکی دورے پر واشنگٹن میں ہیں اور ٹرمپ انتظامیہ نے مودی ٹرمپ ملاقات سے صرف چند گھنٹے قبل ہی حزب المجاہدین کے سربراہ سید صلاح الدین کو عالمی دہشت گرد قرار دیتے ہوئے امریکہ میں ان کے تمام اثاثے منجمد کر دیئے ہیں ۔
ٹرمپ انتظامیہ کا سید صلاح الدین کو عالمی دہشت گرد قرار دیتے ہوئے کہنا ہے کہ سید صلاح الدین جن کا اصل نام محمد یوسف شاہ ہے ان کی تنظیم حزب المجاہدین کشمیر میں دہشت گردی کی کارروائیوں کی ذمہ داری قبول کرتی رہی ہے ۔
امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سید صلاح الدین کو ایگزیکٹو آرڈر 13224 کے سیکشن ون بی کے تحت عالمی دہشت گرد قرار دیا جاتا ہے، جو امریکا اور اس کے شہریوں کی سلامتی کے لیے خطرہ بننے والے غیر ملکیوں پر لاگو ہوتا ہے جبکہ اس کے بعد پابندی کی زد میں آنے والے پر پابندیاں بھی عائد ہوجاتی ہیں۔
پابندی کے بعد کسی امریکی کو سید صلاح الدین سے مالی لین دین کی اجازت نہیں ہوگی۔