متنازعہ مصنفہ تسلیمہ نسرین کے خلاف شدید احتجاج
ہندوستان کے شہر اورنگ آباد میں متنازعہ مصنفہ تسلیمہ نسرین کے خلاف شدید احتجاج کی وجہ سے اسے ائیرپورٹ سے واپس بھیج دیا گیا۔
متنازع بنگلہ دیشی رائٹر تسلیمہ نسرین کو ہندوستان کے صوبے مہاراشٹر کے اورنگ آباد شہر میں شدید مخالفت کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے اس کو ائیرپورٹ سے ہی لوٹا دیا گیا۔ میڈیا کی خبروں کے مطابق تسلیمہ نسرین جب ہفتہ کو دہلی سے اورنگ آباد پہنچی تو انہیں فوری طور پر ممبئی کے لئے بھیج دیا گیا۔ ایئر پورٹ کے باہر بڑی تعداد میں لوگ جمع تھے اور تسلیمہ گو بیک کے نعرے لگارہے تھے۔
احتجاج کو دیکھتے ہوئے پولیس نے تسلیمہ کو ایئرپورٹ سے باہر نکلنے سے روک دیا اور اسے اورنگ آباد میں چھٹیاں گزارنے کا ارادہ منسوخ کرنے کو کہا۔ بتایا جارہا ہے کہ تسلیمہ اپنی بیٹی کے ساتھ اجنتا کے غار دیکھنے کے لئے اورنگ آباد آئی تھیں۔
خبروں کے مطابق سینکڑوں افراد اس ہوٹل میں بھی پہنچ گئے جہاں تسلیمہ نے اپنے دوست کے نام سے دو کمرے بک کروائے تھے۔ تسلیمہ کو پولیس نے سیکورٹی کا حوالہ دیتے ہوئے اورنگ آباد میں رکنے کا منصوبہ منسوخ کرنے کا مشورہ دیا، جس کے بعد وہ ایئرپورٹ سے ہی ممبئی کے لئے روانہ ہو گئی۔
اورنگ آباد سے مجلس اتحاد المسلمین کے ممبر اسمبلی امتیاز جلیل تسلیمہ کی مخالفت کر رہی بھیڑ کی قیادت کر رہے تھے۔ اس موقع پر امتیاز جلیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ تسلیمہ کے تبصرے اور مضامین سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ اگر وہ اورنگ آباد آئی، تو ہم اسے شہر میں داخل ہونے نہیں دیں گے۔