Aug ۰۱, ۲۰۱۷ ۱۲:۲۴ Asia/Tehran
  • کشمیرمیں ہلاکتوں پراحتجاج ریل خدمات معطل

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں کل آدھی رات مزید دو عسکریت پسندوں کی ہلاکت کے بعد حالات ایک بار پھر کشیدہ ہوگئے ہیں۔

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں ایک شبانہ مسلح تصادم کے دوران لشکر طیبہ سے وابستہ ایک انتہائی مطلوب کمانڈر ابو دوجانہ سمیت 2 جنگجوؤں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔ جبکہ مقامی آبادی نے ہلاکتوں کے خلاف احتجاج کیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق ابودوجانہ عرف حفیظ گذشتہ کئی برسوں سے جنوبی کشمیر میں سرگرم تھا اور متعدد مرتبہ سیکورٹی فورسز کو چکمہ دے کر فرار ہونے میں کامیاب رہا۔ سیکورٹی ایجنسیوں نے ابو دوجانہ کے سر پر 8 لاکھ روپے کا انعام مقرر کیا تھا۔

وسطی کشمیر کے بڈگام اور جموں خطہ کے بانہال کے درمیان چلنے والی ریل خدمات آج منگل کو مسلسل تیسرے دن بھی معطل رہیں۔

یہ خدمات اتوار کے روز جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے ٹہاب میں ایک مسلح تصادم کے دوران دو عسکریت پسندوں کی ہلاکت کے تناظر میں تشدد بھڑک اٹھنے کے خدشے کے پیش نظر معطل کی گئی تھیں۔

اگرچہ ریلوے حکام کے مطابق ان خدمات کو منگل کے روز بحال کیا جانا تھا، لیکن ضلع پلوامہ میں منگل کی صبح ایک اور مسلح تصادم میں مزید جنگجوؤں کی ہلاکت کے پیش نظر ریل خدمات کو بدستور معطل رکھا گیا ہے۔

 

ٹیگس