Aug ۰۵, ۲۰۱۷ ۱۰:۴۲ Asia/Tehran
  • کشمیر میں تصادم، مزید 3 ہلاکتیں

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں سیکیورٹی فورسزکے ساتھ تصادم میں مزید تین کشمیری ہلاک ہو گئے۔

 شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں آج صبح سیکیورٹی فورسز اورعسکریت پسندوں کے درمیان ہونے والےشدید تصادم میں لشکر طیبہ کے تین مسلح افراد مارے گئے جبکہ اس تصادم میں جموں و کشمیر پولیس کا ایک سپاہی زخمی ہو گیا۔

 سرکاری ذرائع کے مطابق بارہمولہ میں سوپور کے امرگڑھ علاقہ میں مسلح افراد کے چھپے ہونے کی اطلاع ملنے پر سکیورٹی فورسز اور ریاستی پولیس کی خصوصی مہم کی ٹیم (ایس او جی) نے آج علی الصبح ایک مشترکہ تلاشی مہم شروع کی۔ تلاشی مہم کے دوران مسلح افراد نے سیکیورٹی فورسز پر خود کار ہتھیاروں سے حملہ کر دیا جس کا سکیورٹی فورسز نے جواب دیتے ہوئے تینوں مسلح افراد کو ہلاک کر دیا۔

ہلاک کئے گئے افراد سے تین اے کے رائفلوں کے علاوہ دیگر ہتھیار اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔

ہلاکتوں کے خلاف کشمیریوں کی جانب سے شدید مظاہرے کئے گئے اور ہلاکتوں کے خلاف نعرے لگائے گئے،اس موقع پرانتظامیہ نے علاقے میں انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بھی معطل کر دی۔

واضح رہے کہ کشمیری اپنے حق خودارادیت کے لئے کوشاں ہیں اور برہان وانی کی ہلاکت کے بعد وادی کے حالات سخت کشیدہ ہو گئے اور اس وقت سے لے کر اب تک 223 سے زائد کشمیری جاں بحق جبکہ ہزاروں زخمی اور گرفتار ہو چکے ہیں۔

 

ٹیگس