ہندوستان: ہریانہ فسادات میں 36 ہلاک، 552 گرفتار
ہندوستان کی ریاست ہریانہ میں سکھ مذہبی رہنما گرو گرمیت رام رحیم کی گرفتاری سے پھوٹنے والے ہنگاموں میں ہلاکتوں کی تعداد 36 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 350 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ہندوستانی میڈیا رپورٹ کے مطابق ریاست ہریانہ کے مختلف اضلاع میں ہونے والے فسادات کے حوالے سے ڈی جی پولیس بی ایس سندھو نے پریس بریفننگ دی۔ ڈی جی پی ہریانہ کے مطابق گرو گرمیت رام رحیم کے حوالے سے عدالتی فیصلے کے بعد ہریانہ میں حالات کشیدہ ہوئے، فسادات کے الزام میں 552 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ ان کے مطابق اس وقت حالات پرامن ہیں ،فسادیوں میں سے کوئی بھی سڑک پر نہیں ہے،کسی بھی نوعیت کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے پولیس تعینات ہے،گرفتار افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
ادھر پنجاب کے 10 اضلاع میں غیر معینہ مدت کا کرفیو نافذہے،سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ سچا سودا تنظیم کے خلاف کریک ڈاون شروع کردیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست ہریانہ میں سکھ مذہبی رہنما کی گرفتاری کے اثرات کا دائرہ قریبی علاقوں میں پھیل گیا، گڑگاوں میں ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے جبکہ فسادات سے متاثرہ سرسااور 3دیہات میں کرفیونافذ کردیا گیا ہے۔
گزشتہ روز گرمیت کےحامیوں نے گاڑیوں پر پتھراؤ کیا، ریلوے اسٹیشن، ٹیلی فون ایکسچینج، پیٹرول پمپوں اور گاڑیوں کو آگ لگا دی۔ ڈیرا سچا سودا واقعےکے بعد نئی دلی کی 13پولیس ڈسٹرکٹس میں بھی کرفیونافذ کردیا گیا ہے۔