لائن آف کنٹرول پرفائرنگ متعدد ہلاک و زخمی
لائن آف کنٹرول پر پاکستانی اور ہندوستانی فوجیوں کے مابین ہونے والی فائرنگ سے متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہو گئے ہیں۔
ہندوستان کا کہنا ہے کہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پرگولہ باری کے نتیجے میں سرحد کے اس پار ایک دس سالہ لڑکا اور ایک 15 سالہ لڑکی ہلاک جبکہ 11 دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔ سرحد پار فائرنگ کے نتیجے میں ایک فوجی گاڑی کو بھی نقصان پہنچا ہے، تاہم کسی فوجی اہلکار کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
دوسری جانب پاکستان کا کہنا ہے کہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پرہندوستانی فورسز کی فائرنگ سے ایک پاکستانی شہری ہلاک اور 5 افراد زخمی ہوگئے۔ لائن آف کنٹرول پر شیلنگ کے بعد تمام تعلیمی اداروں کو بند کر دیا گیا ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ ایل او سی پر شیلنگ کی وجہ سے رہائشوں میں شدید خوف و ہراس پیدا ہوگیا ہے۔ ہندوستان اور پاکستان کے مابین لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کے نتیجے میں اب تک ہزاروں افراد ہلاک و زخمی ہو چکے ہیں اور دونوں ممالک ایک دوسرے پرجنگ بندی کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کرتے ہیں۔