Oct ۲۴, ۲۰۱۷ ۰۹:۱۲ Asia/Tehran
  • کشمیر: مذاکراتی عمل شروع کرنے کا خیرمقدم

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کی وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے ہندوستانی حکومت کی طرف سے تمام فریقین کے ساتھ مذاکراتی عمل شروع کرنے کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کی وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے سرینگر میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں اس وقت سیاسی عمل نہایت ہی لازمی ہے۔ انہوں نے اس بات کی امید بھی ظاہر کی کہ تمام فریقین بات چیت میں شامل ہونے کا موقع حاصل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کے حالات ٹھیک نہیں ہیں لوگ تشدد سے تنگ آچکے ہیں اس لئے فریقین کو بھی موقع سے فائدہ اٹھا کر ایک قدم آگے بڑھنا چاہیے اور مذاکراتی عمل میں شامل ہونا چاہیے۔

 دوسری جانب کشمیر کے سابق وزیراعلیٰ فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ ہندوستان کو کشمیر کے معاملے پر پاکستان سے بھی مذاکرات کرنا ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو کشمیریوں کے ساتھ ساتھ پاکستان سے بھی مذاکرات کرنا ہوں گے اور مسئلہ کشمیر پراسلام آباد سے بھی بات چیت ضروری ہے ۔

واضح رہے کہ ہندوستان کے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ حکومت نے کشمیر میں متعلقہ لوگوں کے ساتھ پائیدار بنیاد پر بات چیت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ قبل ازیں مرکزی وزیر داخلہ ایک کل جماعتی وفد کے ساتھ وادی کشمیر گئے تھے۔

کشمیر میں حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کی ہندوستانی فوجیوں کے ہاتھوں ہلاکت کے بعد حالات خراب ہو گئے اور اب تک ہونے والی جھڑپوں میں 300 سے زائد افراد جاں بحق اور ہزاروں زخمی اور گرفتار ہو چکے ہیں۔

 

ٹیگس