کشمیرمیں ہڑتال اور یوم سیاہ
ہندوستان کے زیرانتظام کشمیرمیں آج مکمل ہڑتال ہے اور یوم سیاہ منایا جا رہا ہے۔
ہندوستان اور پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں آج یوم سیاہ منایا جا رہا ہے جبکہ ہندوستان کے زیرانتظام کشمیرمیں آج مکمل ہڑتال ہے تمام کاروباری مراکز اور دکانیں اور اسی طرح تعلیمی ادارے بند ہیں اور سڑکوں پر ٹریفک نہ ہونے کے برابر ہے ۔ اس موقع پر وادی میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ انتظامیہ نے میرواعظ عمر فاروق، سید علی گیلانی اور محمد یاسین ملک کو ان کے گھروں میں نظربند کردیا ہے۔
دوسری جانب کشمیر کا ہندوستان سے الحاق کےدن کی مناسبت سے مختلف تقریبات منعقد کی گئیں۔
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کی سرمائی دارالحکومت جموں اور خطہ کے چند دیگر اضلاع میں جمعرات کو 1947ء میں ریاست کے آخری مہاراجہ ہری سنگھ کی جانب سے ہندوستان کے ساتھ کئے گئے الحاق کو ’ویلے دیوس‘ کے طور پر منایا گیا۔
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی جانب سے ریاست کے ہندوستان کے ساتھ الحاق کے دن کی سب سے بڑی تقریب پریڈ گراؤنڈ میں منعقد ہوئی جبکہ ضلعی سطحوں پر بھی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔
واضح رہے کہ کشمیریوں کا کہنا ہے کہ 27 اکتوبر1947 کو ہندوستانی فوج نے جموں و کشمیرمیں داخل ہوکر برصغیر کی تقسیم کے منصوبے اور کشمیری عوام کی خواہشات کے برعکس علاقے پر زبردستی قبضہ کرلیا تھا۔اسی لئے کشمیری ہر سال اس دن کو یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں۔