کشمیر میں جھڑپیں، 2 فوجیوں سمیت 4 ہلاک
ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں جھڑپوں کے دوران2 فوجیوں سمیت 4 افراد ہلاک ہو گئے۔
جمعرات کو رات گئے ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کے علاقے پلوامہ میں ایک جھڑپ کے دوران فوج کے دو اہلکار ہلاک ہوگئے۔ ہندوستان کے سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس جھڑپ میں جیش محمد سے تعلق رکھنے والے ایک مسلح شخص کو ہلاک کردیا گیا جبکہ اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر مسلح افراد بھاگنے میں کامیاب ہوگئے۔
فوجی اہلکاروں اور جیش محمد کے عسکریت پسند کی ہلاکت کے بعد آج سیکورٹی وجوہات کی بناپر جنوبی کشمیر میں ریلوے کی خدمات کو معطل کردیا گیا ہے۔
ریلوے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ریلوے خدمات صرف جنوبی کشمیر میں معطل کی گئی ہیں تاہم، سری نگر، بڈگام اور بارہ مولہ میں ریلوے سروس پہلے کی طرح ہی جاری رہیں گی۔
ادھر جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان میں نامعلوم افراد نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے یوتھ ضلع صدر کو ہلاک کر دیا ہے۔ گوہراحمد نامی بی جے پی یوتھ صدر کی لاش جمعرات کی شام ضلع شوپیان کے کلورہ میں پائی گئی ۔