Jan ۲۸, ۲۰۱۸ ۱۰:۲۳ Asia/Tehran
  • ہندوستان: کاس گنج میں حالات کشیدہ، 50 گرفتار، انٹرنیٹ سروس بند

ہندوستان کی ریاست اترپردیش کے کاس گنج شہرمیں حالات کشیدہ ہیں، ضلع کی سرحدیں سیل اور انٹر نیٹ خدمات بند کر دی گئی ہیں۔

اترپردیش کے کاس گنج شہر میں شرپسند عناصر نے تین دکانوں ، دو پرائیویٹ بسوں اور ایک کار کو نذر آتش کردیا ۔ احتیاط کے طور پر ضلع کی سرحدیں سیل کردی گئی ہیں ۔ پولیس کے مطابق اب تک مجموعی طور پر پچاس ملزموں کو گرفتار کیا گیا ہے اور دیگر ملزموں کی گرفتاری کیلئے کوششیں کی جارہی ہیں ۔

پولیس افسر آنند کمار کے مطابق تین دوکانوں میں توڑ پھوڑ کی گئی ہے ۔ ان کے شٹر کے نیچے پٹرول ڈال کر آگ لگادی گئی ہے ۔ دو پرائیویٹ بسوں میں بھی پٹرول ڈال کر آگ لگادی گئی ہے ۔ ایک خالی پڑے مکان کو بھی شرپسندوں نے آگ لگا دی ۔ ادھر ضلع افسر آر پی سنگھ نے کہا ہے کہ تشدد متاثرہ علاقوں میں انٹرنیٹ کی خدمات 28 جنوری کی رات 10 بجے تک کیلئے بند کردی گئی ہیں تاکہ سوشل میڈیا کے ذریعہ پھیلنے والی افواہوں کو روکا جاسکے ۔ شہر میں جمعہ کو تشدد کے بعد کرفیو لگادیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ اترپردیش میں کاس گنج کے شہر کوتوالی علاقہ میں یوم جمہوریہ کے موقع پر ترنگا یاترا کے دوران ہونے والے فرقہ وارانہ فسادات، پتھراو اور فائرنگ سے ایک شخص کی ہلاکت کے بعد حالات کشیدہ ہو گئے جس کے بعد شہر میں پی اے سی، آر اے ایف اور پولیس کے اہلکار بڑی تعداد میں تعینات ہیں ۔ ضلع انتظامیہ نے متاثرہ علاقے میں تعلیمی اداروں کو بند رکھنے کا پہلے ہی حکم جاری کردیا ہے۔

ٹیگس