ایران اور ہندوستان کی قوموں کے دل ایک دوسرے کے لئے دھڑکتے ہیں، صدر روحانی
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے حیدر آباد کی تاریخی مکہ مسجد میں نمازیوں کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر مسلمان آپس میں متحد ہوتے تو امریکا میں یہ ہمت نہ ہوتی کہ وہ بیت المقدس کو غاصب اسرائیلی حکومت کا درالحکومت اعلان کرتا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حجت الاسلام ڈاکٹر حسن روحانی نے ہندوستان کے جنوبی شہر حیدر آباد کی تاریخی مکہ مسجد میں نمازجمعہ میں شرکت کے بعد نمازیوں کے بہت بڑے اجتماع سے خطاب کے دوران کہا کہ عالم اسلام کے پاس اس کے علاوہ اورکوئی راستہ نہیں ہے کہ پوری دنیا کے مسلمان دشمنوں اورغاصب صیہونی حکومت کے مقابلے میں متحد ہوجائیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر مسلمان آپس میں متحد ہوتے تو امریکا میں یہ ہمت نہ ہوتی کہ وہ بیت المقدس کو غاصب اسرائیلی حکومت کا درالحکومت اعلان کرتا اور غاصب صہیونی حکومت آئے دن فلسطینیوں کے حقوق پامال کرتی۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ ہم نے آج حیدرآباد کی نمازجمعہ میں اس لئے شرکت کی ہے تاکہ دنیا کوبلند آواز سے یہ بتائیں کہ عالم اسلام میں ہماری آواز اور مقصد ایک ہے کہاکہ نماز پوری دنیا کے مسلمانوں کے درمیان اتحاد ویگانگت کا بہترین ذریعہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی نماز جمعہ میں مسلمانوں کے اتحاد کو نقصان پہنچایا جاتاہے اور مسلمانوں میں اختلاف کو ہوا دی جاتی ہے تو یقینی طور پر اسلام نے جمعے کی جو تعریف بتائی ہے اور جمعے کے جو فوائد بیان کئے ہیں تو ایسی نمازجمعہ وہ مقصد حاصل نہیں کرسکےگی۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران سمجھتا ہے کہ مسلمانوں کے درمیان اتحاد و بھائی چارے کے علاوہ اور کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ شیعہ و سنی اور مختلف اسلامی مسالک کا ہدف ایک ہے اور وہ پیغمبراسلام کی حقیقی تعلیمات پر عمل کرنا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ اس دوران ہماری سب سے بڑی ذمہ داری انسانوں کے درمیان اتحاد اور محبت قائم کرنا ہے۔
صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا نہ صرف ہم مسلمانوں کو آپس میں بھائی بھائی ہونا چاہئے اور ایک دوسرے سے میل و محبت سے پیش آنا چاہئے بلکہ مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ پوری دنیا کے لوگوں کے لئے باعث رحمت بنیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا کہ پیغمبراسلام کے بارے میں قرآن کہتا ہے کہ پیغمبراسلام تمام عالمین کے لئے رحمت ہیں۔ہم مسلمان پوری دنیا کے لئے خیر و محبت اور رحمت چاہتے ہیں۔ ہم اپنی دعاؤں میں کہتے ہیں کہ پالنے والے سبھی فقیروں کو غنی کردے اور دنیا میں جوکوئی جہاں بھی بھوکہ اور مفلس ہو اس کی مدد فرما۔انہوں نے کہا کہ قرآن ہم سے تاکید کرتا ہے کہ تم مسلمان اس طرح سے پیش آؤ کہ پوری دنیا کے لئے نمونہ عمل بنو ۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ دشمن نہیں چاہتے کہ ہم آپس میں متحد رہیں لیکن اس مسجد کی عمارت ہم سے یہ کہہ رہی ہے کہ اس علاقے کے عوام یعنی ایران اور ہندوستان کی قومیں تمدن و ثقافت اور علم و برادری میں ایک دوسرے کے ساتھ ساتھ رہی ہیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ ایرانی عوام سرزمین ہندوستان سے خاص عقیدت رکھتے ہیں اور ہندوستانی عوام کا بھی دل ایرانی عوام کے لئے دھڑکتا ہے کہا کہ ہمیں چاہئے کہ دونوں ملکوں کی اقوام کے تعلقات کو روز بروز پہلے سے زیادہ مستحکم بنائیں اور اس کام کے لئے ایرانی حکومت تیار ہے اور امید کرتے ہیں کہ ہندوستانی حکومت بھی اس کے لئے آمادہ ہوگی تاکہ دونوں ملکوں کے عوام کی رفت و آمد کو ویزے کے قوانین کے لحاظ سے آسان بنایا جاسکے اور نتیجے میں ایرانی اور ہندوستانی شہری ایک دوسرے کے یہاں آسانی کے ساتھ سفرکرسکیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ ایران اس بات کا اعلان کرتا ہے کہ انرجی کے بےشمار ذخائر کے پیش نظر ہندوستان کو تیل و انرجی کی دیگر توانائیاں پورا کرے گا ۔ایران اس بات کا اعلان کرتا ہے کہ وہ چاہتاہے کہ چابہار بندرگاہ کے ذریعے وسطی ایشیا اور یورپ تک ہندوستان کے لئے ٹرانزیٹ کو آسان بنائے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ کی سب سے بڑی نعمت سلامتی اور سیکورٹی ہے اور ہم ہندوستان میں پائے جانے والے امن و استحکام سے بہت خوش ہیں اور چاہتے ہیں کہ ہر مسلک و مذہب کے لوگوں کے درمیان امن و بھائی چارہ اور اتحاد ویکجہتی نیز امن واستحکام پہلے سے زیادہ فروغ پائے۔