ہندوستانی وزیراعظم پر اختلافات کا الزام
راہل گاندھی نےالزام عائد کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی ملک پر حکومت کرنے کے لئے معاشرے میں زہر گھول رہے ہیں۔
کانگریس پارٹی کے صدر راہل گاندھی نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر سخت تنقید کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی پر الزام لگایا کہ وہ ملک پر حکومت کرنے کے لئے معاشرے میں زہر گھول رہے ہیں۔
کانگریس صدر نے شیلانگ میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی ایک ہندوستانی کو دوسرے ہندوستانی سے، ایک قبائلی کو دوسرے قبائلی سے، ایک دلت کو دوسری ذات سے اور ایک مسلمان کو دوسرے سے لڑانے کی کوشش کر رہے ہیں تا کہ وہ ملک پر ہر حال میں حکومت کرسکیں۔
انہوں نے اس دوران کہا کہ آپ کشمیر، آسام، گجرات، اترپردیش اور ہریانہ میں تشدد کر سکتے ہیں کیونکہ بی جے پی حکومت والی ریاستوں میں یہ جائز ہے تاہم ہماری لڑائی اس کے خلاف ہے۔
بی جے پی کی زیر اقتدار ریاستوں میں قانون کے نظام کی قابل رحم حالت کا حوالہ دیتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ مدھیہ پردیش میں چرچ جلائے جا رہے ہیں۔ لوگوں کو عیسائی گیت گانے پر پیٹا جا رہا ہے۔ وہاں خوف کا ماحول ہے۔ گجرات میں دلتوں اور اقلیتوں کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ ان کی پوری ذہنیت ہمیشہ تقسیم اور قبضے کی رہی ہے۔