ہندوستان کی جانب سے کابل دھماکے کی مذمت
افغانستان میں جشن عید نوروز کے دھماکے میں 80 سے زائد افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے۔
ہندوستان کی حکومت نے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں عید نوروز کے موقع پر جشن عید نوروز میں ہونے والے خونریز بم دھماکے میں درجنوں افراد کے جاں بحق اور زخمی ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں نے نہ فقط افغان عوام پر حملہ کیا بلکہ یہ حملہ افغان عوام کی شناخت اور ثقافت پر تھا۔
واضح رہے کہ بدھ کے روز عید نوروز کے موقع پر یہ خونریز بم دھماکہ، کابل کے کارتہ سخی نامی علاقے میں زیارت گاہ کے پاس ہوا جو کابل یونیورسٹی سے تھوڑے ہی فاصلے پر واقع ہے۔
افغانستان کی وزارت داخلہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ دھماکے میں 33 افراد جاں بحق اور کم سے کم 52 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ اس دھماکے کی ذمہ داری دہشت گرد گروہ داعش نے قبول کی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکہ کار بم کے ذریعے کیا گیا۔
واضح رہے کہ رواں ماہ کے دوران کابل کی شیعہ مسجد کے قریب ہونے والے بم کے دھماکے میں نو افراد جاں بحق اور اٹھارہ زخمی ہو ئے تھے۔