Mar ۲۵, ۲۰۱۸ ۱۰:۲۹ Asia/Tehran
  • کشمیر میں ہلاکتوں کے خلاف احتجاج

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں ہندوستانی فوج کے ہاتھوں کشمیری نوجوانوں کی ہلاکت کے خلاف عوام نے احتجاجی مظاہرہ کیا جبکہ سکیورٹی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کے شیل فائر کئے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے ضلع بڈگام میں سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے ایک نوجوان ہلاک جبکہ ایک 17 سالہ لڑکی سمیت 3 افراد زخمی ہوئے۔ فوج نے بڈگام میں بیرواہ کے علاقے خان محلہ کا محاصرہ کیا اور سرچ آپریشن شروع کردیا۔

سکیورٹی فورسز نے دعویٰ کیا کہ نوجوان عسکریت پسند تھا جو فائرنگ کے تبادلے میں گولیوں کا نشانہ بنا۔ نوجوان کی ہلاکت کے خلاف کشمیریوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی اور احتجاج کیا۔

واضح رہے کہ  گزشتہ روز بھی جنوبی کشمیرمیں ڈورو شاہ آباد کے مضافاتی گاوں ششتر گام میں فوج اور عسکریت پسندوں کے مابین معرکہ آرائی میں دوعسکریت پسندوں کی ہلاکت کے بعد مظاہروں کے دوران تشدد بھڑک اُٹھا جس دوران فورسز نے مظاہرین کو منتشر کر نے کے لئے آنسو گیس کا استعمال کیا۔

ادھر اننت ناگ اور کولگام میں ہڑتال کے دوران کئی مقامات پر جھڑپیں بھی ہوئیں جس کےسبب قصبہ میں سنیچر دوپہر تک موبائیل انٹرنیٹ سروس بند کر دی گئی تھی جبکہ بانہال بارہمولہ ریل سروس بھی بند کی گئی ۔

دریں اثناء اننت ناگ میں بھی عسکریت پسندوں کی ہلاکت کے خلاف ہڑتال کی گئی اوردکانیں اور کاروباری مراکز بند رہے ۔

 

ٹیگس