ہندوستان میں بچوں سے زیادتی پر سزائے موت کا خیر مقدم
ہندوستان کی سیاسی اور سماجی شخصیات نے بچوں سے زیادتی پر سزائے موت کا خیر مقدم کیا ہے۔
ہندوستانی میڈیا کے مطابق، ہندوستان کی اہم سیاسی اور سماجی شخصیات نے بچوں سے جنسی زیادتی پر سزائے موت کا خیر مقدم کیا ہے۔ ہندوستان میں کافی عرصے سے بچوں سے جنسی زیادتی کیلئے سخت قانون بنانے کا مطالبہ ہو رہا تھا۔
واضح رہے کہ پوکسو ایکٹ میں تبدیلی کی پیشکش کو منظوری ملنے کے بعد اب 12 سال کی کم عمر کی بچیوں سے ریپ کے معاملوں میں موت کی سزا ہوگی۔
ہندوستان میں 12 سال سے کم عمر بچوں سے زیادتی کے مرتکب مجرموں کیلئے سزائے موت جبکہ 16 سال سے کم عمر بچیوں سے زیادتی کے مجرم کے لیے کم سے کم سزا 10 سال سے بڑھا کر 20 سال کرنے کا آرڈننس منظور کرلیا گیا ہے۔
16 سال سے کم عمر کی بچی سے جنسی زیادتی یا اجتماعی عصمت دری کے ملزم کیلئے عبوری ضمانت کی کوئی تجویز نہٰں ہوگی۔
ادھرہندوستان کے زیر انتظام جمو و کشمیر کے علاقے کھٹوعہ میں کمسن بچی کی آبروریزی اور قتل معاملے کو لے کر سنیچرکو بھی لال چوک میں تاجروں نے ایک گھنٹہ تک علامتی ہڑتال کی اورپرامن دھرنا دیا جبکہ مائسمہ میں لوگوں نے موم بتیاں جلا کر واقعہ کی فوری تحقیقات مکمل کرنے پر زور دیا۔