اترپردیش اور راجستھان میں شدید طوفان اور بارش سو سے زائد ہلاک اور زخمی
ہندوستان کی ریاست اتر پردیش اور راجستھان میں طوفان اور تیز بارش کے سبب ستر سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ ایک سو سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ریاست اترپردیش کے شہر آگرہ میں طوفانی بارش اور تیز ہواؤں سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ خبروں میں کہا گیا ہے کہ آگرہ میں طوفانی ہواؤں کے باعث کچے مکانات منہدم ہوگئے اور بعض مقامات پر آسمانی بجلی گرنے کے واقعات بھی پیش آئے ہیں۔
ریلیف کمشنر سنجے کمار نے بتایا کہ آگرہ میں بارش اور مٹی کے طوفان کے نتیجے میں چھتیس افراد چل بسے جن میں سے بعض آسمانی بجلی کی زد میں آکر لقمہ اجل بن گئے۔ انہوں نے بتایا کہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ایک سوتیس کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی طوفانی ہواؤں نے نظام زندگی درہم برہم کردیا۔
دوسری جانب ہندوستانی سرکاری خبررساں ایجنسی پی ٹی آئی نےخبردی ہے کہ ریاست راجستھان میں کم سے کم چونتیس افراد ہلاک جبکہ سو سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ ہندوستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ تیز ہواؤں اور باعث کے شہریوں پر درخت اور دیواریں گرنے سے ہلاکتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ راجستھان کے مختلف اضلاع میں بجلی کے کھمبے گر گئے ہیں جس سے بہت سے علاقے بجلی سے محروم ہوگئے ہیں۔ بعض خبروں میں مرنے والوں کی تعداد سو کے لگ بھگ بتائی جارہی ہے۔
بجلی کے تار گرنے سے بہت سے مقامات پر مویشی بھی ہلاک ہوگئے ہیں۔ مون سون آنے میں ابھی کئی ہفتے باقی ہیں اس لئے ابھی سی شدید طوفان باد وباراں سے لوگوں میں خوف و ہراس پایا جارہا ہے۔